سام سنگ نے پاکستانی صارفین کے لیے اپنے پہلے انڈر ڈسپلے کیمرے والے فون گلیکسی زی فولڈ 3 کی قیمت کا اعلان کردیا ہے۔

اس فون کو خریدنے کے لیے فی الحال پری آرڈر فارم اس لنک پر جاکر بھرا جاسکتا ہے اور کچھ عرصے بعد صارفین کو دستیاب ہوگا۔

خیال رہے کہ اس فون کو 11 اگست کو کمپنی نے ایک ایونٹ میں متعارف کرایا تھا۔

گلیکسی زی فولڈ 3 کی اندرونی اسکرین 7.6 انچ ڈائنامک امولیڈ 2x ڈسپلے سے لیس ہے جس میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

اسی اسکرین میں سام سنگ نے کیمرا ڈسپلے کے اندر نصب کیا ہے جو 4 میگا پکسل کا ہے مگر اس میں بڑے 2.0µm پکسلز دیئے گئے ہیں۔

اس کیمرے کو صارف زیادہ تر ویڈیو کالز کے لیے ہی استعمال کرسکیں گے کیونکہ بیرونی اسکرین میں ایک اور 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

فون کی بیرونی اسکرین 6.2 انچ کی ہے جس کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس وکٹس کو استعمال کیا گیا ہے اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

فون کے اندر اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ون یو آئی اوور لے سے کیا ہے۔

گلیکسی زی فولڈ 3 میں 12 جی بی ریم اور 256 سے 512 جی بی یو ایف ایس 3.1 اسٹوریج کے آپشن صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

گلیکسی زی فولڈ 3 میں 4400 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے جس کے ساتھ 25 واٹ وائرڈ اور 11 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے جبکہ یہ فون ریورس وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

انڈر ڈسپلے کیمرے کے ساتھ فون کی سب سے بڑی تبدیلی ایس پین سپورٹ ہے، جس کے لیے کمپنی نے ایس پین پرو کے ساتھ ایس پین فولڈ ایڈیشن کو بھی متعارف کرایا ہے۔

گلیکسی زی فولڈ 3 میں بیک کیمرا سیٹ اپ گزشتہ سال کے گلیکسی زی فولڈ 2 جیسا ہی ہے۔

فون کا مین کیمرا 12 میگا پکسل کا ہے جس میں ایف 1.8 آپرچر اور 1/1.76 لینس دیا گیا ہے، جس کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرے (2 ایکس آپٹیکل زوم) موجود ہیں۔

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

مین کیمرے میں ڈوئل پکسل اے ایف اور او آئی ایس موجود ہے جبکہ ٹیلی فوٹو کیمرے میں بھی او آئی ایس فیچر دیا گیا ہے۔

پاکستان میں یہ فون 2 لاکھ 94 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہوگا اور پری آرڈر میں بک کرانے پر 32 ہزار کا ایک ای واؤچر دیا جائے گا جس کو فون کی مختلف ایسیسریز خریدنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں