اجمیر شریف حاضری کیلئے خواہشمند زائرین سے درخواستیں طلب

اپ ڈیٹ 18 اگست 2021
عرس میں شرکت کے خواہشمند اپنی درخواستیں 30 اگست تک جمع کرواسکتے ہیں—فائل فوٹو: ڈان آرکائیو
عرس میں شرکت کے خواہشمند اپنی درخواستیں 30 اگست تک جمع کرواسکتے ہیں—فائل فوٹو: ڈان آرکائیو

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے بھارت میں اجمیر شریف جانے کے لیے زائرین سے درخواستیں طلب کی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری اطلاع عام میں کہا گیا کہ خواجہ معین الدین چشتی رحمتہ اللہ علیہ کے عرس میں شرکت کے خواہشمند اپنی درخواستیں 30 اگست تک جمع کرواسکتے ہیں۔

ہند کے مشہور بزرگ کا سالانہ عرس 3 اور 4 فروری کو اجمیر شریف بھارت میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا اجمیر شریف حاضری کیلئے پاکستانی زائرین کو ویزا دینے سے انکار

درخواستوں کی قرعہ اندازی یکم اکتوبر کو منعقد ہوگی اور اس میں صرف ان زائرین کی درخواستیں شامل کی جائیں گی جن کی کووڈ ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے۔

حالیہ بین الاقوامی انتظامات کے مطابق زائرین کو روانگی سے 48 گھنٹے پہلے کروائے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ فراہم کرنی ہوگی۔

وزارت نے زائرین کو آگاہ کیا کہ کووِڈ 19 کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کی روشنی میں عوامی اجتماعات پر پابندی ہے۔

لہٰذا اس سلسلے میں حتمی فیصلہ حکومت پاکستان زیارت کے موقع پر دونوں ممالک میں کورونا وائرس کی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کرے گی۔

زیارت کے خواہشمند افراد وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ سے درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی زائرین خواجہ نظام الدین کے عرس میں شرکت سے محروم

خیال رہے کہ سال 2019 میں مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات سخت کشیدہ ہوگئے تھے جس کے بعد دونوں ممالک کے سوائے چند صورتوں کے ہر قسم کی زمینی اور فضائی آمدو رفت معطل ہوگئی تھی۔

انہیں حالات کے پیشِ نظر بھارت نے سال 2019 میں اجمیر شریف حاضری کے لیے پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا تھا۔

تاہم پاکستان کی جانب سے کرتاپور دربار اور دیگر مقدس مقامات کی یاترا کے لیے آنے والے بھارتی شہریوں کو اجازت دینے کا سلسلہ جاری تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں