کابل ایئرپورٹ پر خراب صورتحال کے باوجود پرواز وطن واپس لانے پر پی آئی اے کیپٹن کی تعریف

اپ ڈیٹ 18 اگست 2021
کابل میں جیسے ہی صورتحال خراب ہوئی کیپٹن نے پی آئی اے کی انتظامیہ سے رابطہ کیا۔—تصویر: پی آئی اے ٹوئٹر
کابل میں جیسے ہی صورتحال خراب ہوئی کیپٹن نے پی آئی اے کی انتظامیہ سے رابطہ کیا۔—تصویر: پی آئی اے ٹوئٹر

راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو افسر ارشد ملک نے کابل ایئرپورٹ پر پیدا ہونے والی بحرانی صورتحال کے دوران پی آئی اے کی پرواز وطن واپس لانے پر کیپٹن مقصود بجرانی کو سراہا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سربراہ پی آئی اے کا کہنا تھا کہ 'بحرانی کیفیت میں سوجھ بوجھ، تجربے اور مہارت کا استعمال حقیقی پیشہ واریت' ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابل میں جیسے ہی صورتحال خراب ہوئی کیپٹن نے پی آئی اے کی انتظامیہ سے رابطہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:کابل ایئرپورٹ: طیارے سے لٹک کر افغانستان چھوڑنے والے شہریوں سمیت 5 ہلاک

طالبان نے اتوار کے روز کابل کا کنٹرول سنبھالا تو ایئربس اے-320 کے کیپٹن بجرانی ایئر ٹریفک کنٹرول سے کلیئرنس ملنے کا انتظار کررہے تھے'۔

تاہم ایک کیبن کریو نے انہیں کہا کہ 'آپ خود فیصلہ کریں جس پر انہوں نے پی آئی اے کی پرواز 6252 اسلام آباد کے لیے اڑانے کا فیصلہ کیا'۔

ایسے میں کہ جب کابل ایئرپورٹ پر ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا تھا، اس کے اطراف کی پہاڑیوں سے کالا دھواں اٹھتا ہوا طیارے سے دیکھا جاسکتا تھا ایسے میں پی آئی اے کی ایئربس اے-320 کو روک کر رکھا گیا تھا۔

عملے کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ ایسے میں کیپٹن نے اچانک اسلام آباد اڑان بھرنے کے اعلان کے بعد پرواز اڑانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاز اسٹارٹ کرنے کے بعد تیز رفتاری سے ٹیک آف کیا کیوں کہ کیپٹن اپنے آگے اڑنے والے 2 جنگی جہازوں کو فالو کررہے تھے۔

مزید پڑھیں: افغان سیاسی وفد کی پاکستان آمد، افغانستان میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال

جب کیپٹن نے پاکستان کی سرزمین میں داخل ہونے کا اعلان کیا تو عملے کے اراکین نے سکون کا سانس لیا جس کے بعد شام 7 بج کر 10 منٹ پر جہاز اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتر گیا۔

جب جہاز ایئرپورٹ پر اترا اور اس کا دروازہ کھلا تو پی آئی اے کے عملے کا ایک فرد جہاز میں آیا اور کریو سے کہا کہ ان کے پاس سی ای او کی جانب سے کیپٹن کے لیے ایک اہم نوٹ ہے۔

اپنے پیغام میں سی ای او نے کابل میں صورتحال خراب ہونے کے بعد پرواز واپس لانے پر کیپٹن مقصود بجرانی کو سراہا کیوں کہ انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے بعد خراب صورتحال میں محفوظ پرواز کی۔

تبصرے (0) بند ہیں