‘نوٹس بہت لے لیے، اب کچھ کریں’ شوبز شخصیات کا وزیر اعظم سے مطالبہ

شوبز شخصیات نے وزیر اعظم سے سخت اقدامات کو مطالبہ کردیا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
شوبز شخصیات نے وزیر اعظم سے سخت اقدامات کو مطالبہ کردیا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

شوبز شخصیات نے وزیر اعظم عمران خان سے خواتین کو ہراساں یا ان کی سرعام تذلیل میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا ہے کہ انہوں نے پہلے بھی متعدد واقعات کے نوٹس لیے ہیں۔

شوبز شخصیات نے وزیر اعظم عمران خان سے یوم آزادی کے موقع پر گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر کو سیکڑوں افراد کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے واقعے پر سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ایک روز قبل مذکورہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

وزیر اعظم کی جانب سے واقعے کا نوٹس لیے جانے اور واقعے کی رپورٹ طلب کیے جانے پر شوبز شخصیات نے عمران خان سے مزید سخت اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے ان سے کرفیو نافذ کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔

اداکارہ غنا علی نے مینار پاکستان واقعے کا نوٹس لیے جانے کے بعد وزیر اعظم سے سخت اقدامات کا مطالبہ کردیا اور ساتھ ہی انہیں مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی نوٹس لیے ہیں۔

غنا علی نے وزیر اعظم کو طعنہ دیا کہ انہوں نے پہلے بھی نوٹس لے رکھے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ اسکرین شاٹ
غنا علی نے وزیر اعظم کو طعنہ دیا کہ انہوں نے پہلے بھی نوٹس لے رکھے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ اسکرین شاٹ

غنا علی نے وزیراعظم کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہت نوٹس لیے ہیں، اب وہ کچھ کر کے دکھائیں۔

اداکارہ نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ نور بھی نوٹس ہو رہی ہیں اور اب لاہور میں مینار پاکستان کے قریب نشانہ بننے والی خاتون بھی نوٹس ہو رہی ہیں۔

ان کی طرح ہانیہ عامر نے بھی وزیر اعظم سے سخت اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے مرد حضرات پر کرفیو نافذ کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔

اداکارہ ثنا جاوید نے لاہور واقعے پر کمنٹس کرتے ہوئے کہا کہ خاتون پر حملہ کرنے والے مرد حضرات سے روبوٹ بھی اچھے ہیں، عورت کو نشانہ بنانے والے 400 افراد جہنم کے حقدار ہیں۔

گلوکارہ قرت العین بلوچ نے تو لاہور واقعے کو وزیر اعظم عمران خان کے بیانات کا اثر تک قرار دیا اور انہیں اپنی پوسٹ میں مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ وہی ایسے بیانات دیتے ہیں، جن سے خواتین غیر محفوظ ہو جاتی ہیں۔

ہانیہ عامر نے تو مرد حضرات پر کرفیو نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ اسکرین شاٹ
ہانیہ عامر نے تو مرد حضرات پر کرفیو نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ اسکرین شاٹ

اداکارہ ماورہ حسین نے بھی خاتون پر حملے کے بعد سوال کیا کہ کیا ان کے لباس کا قصور تھا؟

مذکورہ شوبز شخصیات کے علاوہ بھی دیگر شخصیات نے وزیر اعظم اور حکومت سے خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔

شوبز شخصیات گزشتہ دو دن سے مذکورہ واقعے پر متعدد پوسٹس کر چکی ہیں اور وہ حکومت سے تمام ملزمان کو پکڑ کر انہیں عبرت ناک سزا دینے کا مطلابہ کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ خاتون کو مینار پاکستان کے قریب یوم آزادی کے موقع پر سیکڑوں افراد نے ہراساں کیا تھا ، جس کے بعد مذکورہ واقعے کی 17 اگست کو فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی تھی۔

لاہور میں لاری اڈہ تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ یوم آزادی کے موقع پر 6 ساتھیوں کے ہمراہ مینار پاکستان کے قریب ویڈیو بنا رہی تھیں کہ 300 سے 400 لوگوں نے ان سب پر حملہ کر دیا۔

ایف آئی آر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 354 اے (عورت پر حملے یا مجرمانہ طریقے سے طاقت کا استعمال اور کپڑے پھاڑنا)، 382 (قتل کی تیاری کے ساتھ چوری کرنا، لوٹ کی نیت سے نقصان پہنچانا)، 147 (فسادات) اور 149 کے تحت درج کی گئی تھی تھی۔

مذکورہ واقعے کے بعد شوبز شخصیات سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

متعدد شخصیات نے وزیراعظم سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ اسکرین شاٹ
متعدد شخصیات نے وزیراعظم سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ اسکرین شاٹ

تبصرے (3) بند ہیں

malik Aug 19, 2021 12:47pm
rape ke do char muijramon ko ser e aam SANGSAR kro --- shaid in munzoor soron (swines) ko hosh aye
malik Aug 19, 2021 12:54pm
Imran Khan ki riyasat e Madina mein rapist ko sar aam SANGSAAR kia gya
ذیشان مشتاق Aug 19, 2021 01:19pm
چوٹ لگ جائے بھی تو درد نہیں ہوتا مجھے دل اگر ٹوٹ بھی جائے تو کوئی بات نہیں ہے بڑا کفر جو سوچوں میں کوئی اس کے سوا وہ بھٹک جائے بہک جائے کوئی بات نہیں ذات نسواں کو ہی بس صبر کا دم بھرنا ہے بے سبب ظلم وہ ڈھائے تو کوئی بات نہیں گھر سے بے پردہ جو نکلوں تو میں مجرم ٹھہروں تار تار آنکھ سے کر دے وہ کوئی بات نہیں ڈولی اٹھ جائے تو آنا ہے جنازہ بن کر موت سے پہلے ہی موت آئے کوئی بات نہیں جیا شاہ ۔