کم عمر لڑکی کا جہاز پر دنیا کا چکر لگانے کا مشن

اپ ڈیٹ 19 اگست 2021
زارا ردرفورڈ نے 18 اگست کو اپنے سفر کا آغاز کیا—فوٹو: رائٹرز
زارا ردرفورڈ نے 18 اگست کو اپنے سفر کا آغاز کیا—فوٹو: رائٹرز

یورپی ملک بیلجیم کی 19 سالہ لڑکی نے جہاز کے ذریعے دنیا کے گرد چکر لگانے کا آغاز 18 اگست سے کردیا، وہ تین ماہ کے دوران 57 ممالک کے گرد چکر لگائیں گی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بیلجیم نژاد برطانوی لڑکی 19 سالہ زارا ردرفورڈ نے ایک روز قبل ہی دنیا کے گرد چکر لگانے کےمشن کا آغاز کیا اور وہ پہلے مرحلے میں اپنے آبائی علاقے سے انگلینڈ پہنچیں۔

زارا ردرفورڈ کی خواہش ہے کہ وہ تین ماہ کے دوران دنیا کے پانچ بر اعظموں کے 57 ممالک کے گرد چکر لگاکر مذکورہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین لڑکی بنیں۔

زرا زردرفورڈ نے برطانیہ میں تعلیم اور جہاز اڑانے کی تربیت حاصل کی اور وہ بچپن میں خلاباز بننا چاہتی تھیں مگر اب ان کی خواہش کم عمری میں دنیا کا فضائی چکر لگانا ہے۔

زارا ردرفورڈ ہلکے جہاز کے ذریعے دنیا کے گرد چکر لگائیں گی، ان کے الٹرا لائٹ اسپورٹ طیارے کا وزن محض 325 کلو گرام ہے اور یہ تیز رفتار کے ساتھ درمیانی اونچائی پر اڑان بھرتا ہے۔

بیلجیم نژاد برطانوی لڑکی سولو فلائٹ سفر کے دوران دنیا کے 57 ممالک میں رکیں گی اور رات بھر آرام کریں گی۔

انہوں نے دنیا کے گرد چکر مکمل کرنے کے لیے سعودی عرب، میانمار، گرین لینڈ اور ہنڈراس سمیت کئی ممالک سے خصوصی اجازت لی ہے اور وہ اپنے سفر کے دوران پانچ بر اعظموں کے سمندر، ریگستانوں اور پہاڑوں کو کراس کرتے ہوئے اپنی آرام کی منزل پر پہنچیں گی۔

سولو فلائٹ سفر کے دوران زارا ردرفورڈ الٹرا لائٹ طیارے میں تنہا ہوں گی اور ان کے پاس سیٹ لائٹ ٹیلی فون سمیت ریڈیو وائرلیس کی سہولیات بھی ہوں گی، جنہیں استعمال کرتے ہوئے وہ اپنے روٹ کے ٹریفک کنٹرولرز سے رابطہ کر سکیں گی۔

زارا ردرفورڈ نے 18 اگست کو اپنے انسٹاگرام پر بیلجیم سے اپنے گاؤں سے سفر شروع کرنے سے متعلق پہلی اڑان کی ویڈیو بھی شیئر کی اور خوشی کا اظہار کیا کہ انہوں نے نئے سفر کا آغاز کردیا۔

بیلجیم نژاد برطانوی لڑکی نے محض 14 برس کی عمر میں پائلٹ بننے کی تربیت کا آغاز کیا تھا اور گزشتہ برس ہی انہوں نے کمرشل پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا تھا، ان کے والدین بھی ہواباز ہیں۔

اگر وہ تین ماہ کے اندر دنیا کے گرد چکر لگانے کا اعزاز حاصل کرلیتی ہیں تو وہ دنیا کی پہلی نوجوان خاتون ہوں گی لیکن ان سے گزشتہ ماہ جولائی میں ہی 18 سالہ برطانوی لڑکے نے بھی دنیا کے گرد چکر لگانے کا مشن مکمل کیا تھا۔

ایک تیس سالہ خاتون نے بھی دنیا کے گرد چکر لگانے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے لیکن اگر زارا ردرفورڈ اپنے مشن میں کامیاب ہوگئیں تو وہ ورلڈ ریکارڈ بنائیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں