منافع کی ادائیگی کیلئے سرکاری انٹرپرائزز میں اصلاحات کی جارہی ہیں، وزیر خزانہ

اپ ڈیٹ 24 اگست 2021
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین—فائ؛ فوٹو: ریڈیو پاکستان
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین—فائ؛ فوٹو: ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ساتھ ہی انہوں نے ٹیکس ریفنڈز میں تیزی لانے، لسٹنگ پر کمپنیوں کے لیے ٹیکس چھوٹ بحال کرنے کے علاوہ کیپیٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ کی لسٹنگ اور فنڈنگ کے ذریعے ایس ایم ایز کی نمو میں مدد کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ کی انتظامیہ اور بڑے شرکا کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری انٹرپرائزز کی اصلاحات پر کام کررہی ہے اور وہ ایس او ایز جن کے پاس خاصی نقد رقم موجود ہے انہیں منافع کی ادائیگی کی ترغیب دی جائے گی جس سے پی ایس ایکس کی قدر بڑھانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف پروگرام ختم کرنا اب ممکن نہیں، شوکت ترین

انہوں نے یہ بات دہرائی کہ معیشت ٹھیک ہو رہی ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں ریونیو کلیکشن میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

کیپٹل مارکیٹ کے شرکا میں عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب، اے کے ڈی گروپ کے عقیل کریم ڈھیڈی، جے ایس گروپ کے چیئرمین جہانگیر صدیقی، نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ لمیٹڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر عدنان آفریدی، ایم یو ایف اے پی کے چیئرمین ڈاکٹر امجد وحید کے علاوہ سینٹرل ڈپوزٹری کمپنی اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے اعلیٰ عہدیدار شامل تھے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق شوکت ترین نے کہا کہ ہم کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (سی آر اے) ذریعے صنعت کو مضبوط کریں گے تاکہ معیار تشکیل دیا جائے۔

مزید پڑھیں:شوکت ترین کی مزید 19 شہروں میں مہنگائی کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ہدایت

انہوں نے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کی برآمدات پر توجہ دینے کے ساتھ اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی وزارت بینکوں اور ڈی ایف آئی کو کیپیٹل مارکیٹ کے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔

شوکت ترین نے اسٹاک مارکیٹ کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ سہ ماہی بنیادوں پر حصص بازار کا دورہ کرتے رہیں گے تاکہ کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی اور نمو کا جائزہ لیا جاسکے اور کامیاب عملدرآمد پر آگے بڑھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کی طرف سے مزید ہراساں نہیں کیا جائے گا، وزیر خزانہ کی تاجروں کو یقین دہانی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئر پرسن ڈاکٹر شمشاد اختر نے وزیر خزانہ کو مارکیٹ کی حالیہ پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا اور سرمایہ کاروں اور بروکیج انڈسٹری کے لیے بجٹ میں ٹیکس رجیم آسان کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں چینی کنسورشیئم کی نمائندگی کرنے والے ڈائریکٹر یو ہینگ نے کہا کہ چینی کنسورشیم کا پختہ یقین ہے کہ پاکستان، ایک ملک اور معیشت کے طور پر بڑی صلاحیت رکھتا ہے اور ہم اس صلاحیت کو سمجھنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں