ٹام کروز کا مشن امپوسبل 7 کے لیے زندگی کا سب سے 'خطرناک اسٹنٹ'

27 اگست 2021
مشن امپوسبل 6 کا ایک اسٹنٹ — اسکرین شاٹ
مشن امپوسبل 6 کا ایک اسٹنٹ — اسکرین شاٹ

ٹام کروز نے جب 1990 کی دہائی میں مشن امپوسبل سیریز میں شمولیت اختیار کی تو ایک اداکار ہوتے ہوئے اپنے اسٹنٹس خود کرنے کے حوالے سے شہرت حاصل کی، اس سیریز کی ہر نئی فلم میں دنگ کردینے والے اسٹنٹس ہوتے ہیں جو ٹام کروز نے خود کیے۔

ہوسکتا ہے کہ آپ کا خیال ہو کہ 2011 میں ریلیز ہونے والی مشن امپوسبل گھوسٹ پروٹوکول میں دنیا کی سب سے بلند عمارت پر چڑھنے کا مظاہرہ ٹام کروز نے خود نہ کیا ہو مگر آپ کی سوچ غلط ہے۔

مگر ٹام کروز کی زندگی کا سب سے خطرناک اسٹنٹ تو مشن امپوسبل 7 میں ناظرین دیکھ سکیں گے۔

اداکار نے خود بتایا ہے کہ اس نئی فلم میں وہ اپنی زندگی کا سب سے خطرناک اسٹنٹ کررہے ہیں۔

اس اسٹنٹ کے لیے ٹام کروز نے ایک سال تک تربیت حاصل کی جس کے دوران ان کو ناروے کی ایک وادی میں موٹرسائیکل دوڑاتے ہوئے ایک پہاڑی سے گہرائی میں چھلانگ لگانا تھی۔

سنیما کون ایونٹ کے موقع پر ٹام کروز اور فلم کے ڈائریکٹر مک کیری نے شرکت کرکے مشن امپوسبل 7 کے بارے می بات کی۔

اس اسٹنٹ کے لیے ٹام کروز نے 50 اسکائی ڈائیونگ سیشنز میں شرکت کی اور 13 ہزار بار موٹرسائیکل سے جمپ لگائی۔

اس اسٹنٹ کو فلم کی شوٹنگ کے پہلے دن عکسبند کیا گیا تھا جس کی ویڈیو ممکنہ طور پر گزشتہ سال ستمبر میں وائرل بھی ہوئی تھی۔

گزشتہ سال وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ ایک شخص موٹرسائیکل کو ریمپ پر دوڑاتے ہوئے پہاڑی سے نیچے چھلانگ لگادیتا ہے اور پیراشوٹ کھول کر نیچے اتر جاتا ہے۔

اس وقت تو معلوم نہیں ہوسکا تھا کہ اس اسٹنٹ کس نے کیا تھا مگر اب تصدیق ہوگئی ہے کہ ایسا ٹام کروز نے خود کیا۔

ایونٹ کے موقع پر بات کرتے ہوئے ٹام کروز نے کہا 'یہ اب تک سب سے خطرناک اسٹنٹ تھا جس کی میں نے کوشش کی، ہم اس کے لیے برسوں سے کام کررہے تھے، میں بچپن سے ایسا کرنا چاہتا تھا'۔

ڈائریکٹر کرسٹوفر میک کیری نے کہا کہ اب بس ایک مجھے خوفزدہ کررہی ہے کہ مشن 8 کے لیے ہم کیا دکھائیں گے۔

مشن امپوسبل 6 کا ایک اسٹنٹ، اسکرین شاٹ
مشن امپوسبل 6 کا ایک اسٹنٹ، اسکرین شاٹ

حال ہی میں فلم کی عکسبندی کا ایک اور سین بھی وائرل ہوا تھا جس میں ایک ٹرین انجن کو بلندی سے نیچے گرایا جاتا ہے۔

اس سین کو برطانیہ کے علاقے ڈربی شائر میں 20 اگست کو فلمایا گیا تھا اور مقامی فوٹوگرافر نے اسے اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرکے ٹوئٹر پر شیئر کیا۔

رپورٹس کے مطابق ٹام کروز بھی اس موقع پر موجود تھے اور ہیلی کاپٹر سے انجن کے گرنے کا مشاہدہ کررہے تھے۔

مشن امپوسبل 4 کے اسٹنٹ کا اسکرین شاٹ
مشن امپوسبل 4 کے اسٹنٹ کا اسکرین شاٹ

مشن امپوسبل 7 کے پلاٹ کے بارے میں ابھی کچھ زیادہ علم نہیں مگر ایسا کہا جارہا ہے کہ اس میں گزشتہ حصے کی کہانی آگے بڑھائی گئی ہے۔

یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز 'مشن امپوسبل' کی ساتویں فلم ہے، اس سیریز کی چھٹی فلم 2018 میں ریلیز کی گئی تھی اور اس کی شوٹنگ کے دوران بھی کئی خطرناک مناظر کے دوران خود ٹام کروز بھی زخمی ہوگئے تھے۔

اس سیریز کی پہلی فلم مشن امپاسیبل کے نام سے 1996 میں آئی تھی، دوسری چار سال بعد سال 2000، تیسری 2006، چوتھی 2011، پانچویں فلم 2015 میں اور چھٹی فلم 2018 میں 'مشن امپاسیبل: فال آؤٹ' کے نام سے ریلیز کی گئی تھی۔

سیریز کی ساتویں فلم میں ٹام کروز کے ساتھ اداکارہ ونیسا کربی، ربیکا فرگوسن، ہائلے ایٹویل، سائمن پیگ اور ہینری زیمی سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں