بھارت کو تیسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 76رنز سے شکست، سیریز 1-1 سے برابر

28 اگست 2021
اولی رابنسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: آئی سی سی
اولی رابنسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: آئی سی سی

انگلینڈ نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بھارت کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 76 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

لیڈز میں کھیلے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بھارت نے 215 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان ویرات کوہلی اور چتیشور پجارا وکٹ پر موجود تھے۔

دن کے آغاز میں ہی انگلینڈ نے نئی گیند لے لی اور مجموعی اسکور میں بغیر کسی اضافے کے چتیشور پجارا پویلین لوٹ گئے، 91 رنز بنانے والے بلے باز نے گیند کو چھوڑنے کی غلطی کی جو ان کے پیڈ پر جا لگی، فیلڈ امپائر نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا لیکن انگلینڈ نے ریویو پر دن کے آغاز میں ہی قیمتی وکٹ حاصل کر لی۔

انگلینڈ کو اگلی کامیابی کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور ویرات کوہلی سیریز کی پہلی نصف سنچری بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، انہوں اولی رابنسن کی وکٹ بننے سے قبل 55 رنز بنائے۔

کوہلی کے آؤٹ ہوتے ہیں وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا، جو پھر تھم نہ سکا اور میچ کے تیسرے دن بہترین کھیل پیش کرنے والی بھارتی ٹیم چوتھے دن نئی گیند پر ایک مرتبہ پھر بے بس نظر آئی۔

مہمان ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں جیمز اینڈرسن نے اجنکیا راہانے کو بھی چلتا کردیا جبکہ رابنسن نے ایک اور شکار کرتے ہوئے ریشابھ پنت کا بھی کام تمام کردیا۔

محمد شامی کی چھ رنز کی اننگز معین علی کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی جبکہ ایشانت شرما کو آؤٹ کر کے رابنسن نے پانچویں وکٹ حاصل کی۔

رویندرا جدیجا نے چند بڑے شاٹس کھیلے لیکن انگلش باؤلرز کے سامنے ان کی بھی ایک نہ چل سکی اور اوورٹن کو لگاتار تین چوکے لگانے کے بعد وہ اگلے اوور میں انہی کو وکٹ دے بیٹھے۔

ایک گیند بعد ہی اوورٹن نے سراج کا کام بھی تمام کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا اور اس طرح سیریز بھی 1-1 سے برابر ہو گئی۔

انگلینڈ کو میچ کے چوتھے دن بھارت کی بساط سمیٹنے میں 20 اوور بھی نہ لگے اور مہمان ٹیم نے آخری آٹھ وکٹیں صرف 63رنز کے اضافے سے گنوائیں۔

انگلینڈ نے میچ میں اننگز اور 76 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

واضح رہے کہ بھارت کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 78 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 432رنز بنائے تھے۔

اولی رابنسن کو دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں سمیت میچ میں 7 وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ جو روٹ کی بحیثیت کپتان 27ویں فتح تھی جس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان بن گئے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ دو ستمبر سے اوول میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں