جوبائیڈن نے افغان فوج اور ٹرمپ کو ‘ذلت آمیز’ انخلا کا ذمہ دار قرار دے دیا

اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2021
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ان کو نکالنے کے لیے پرعزم ہے---فائل فوٹو: رائٹرز
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ان کو نکالنے کے لیے پرعزم ہے---فائل فوٹو: رائٹرز

واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے افغانستان سے انخلا کی آخری تاریخ کے فیصلے پر ہونے والی تنقید کو مسترد کردیا جس کے باعث کابل میں 100 سے 200 امریکیوں سمیت معاونت فراہم کرنے والے افغان شہری ملک سے باہر نہیں جاسکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے اسٹیٹ ڈائننگ روم سے ایک ٹیلی ویژن خطاب میں جوبائیڈن نے طالبان کی تیز رفتار پیش رفت کے خلاف معزول افغان حکومت کی نااہلی پر تنقید کی جس کے باعث امریکا اور اس کے نیٹو اتحادیوں کو جلد بازی اور ذلت آمیز راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیا اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار پر بھی تنقید کی۔

مزید پڑھیں: اب افغانستان میں امریکا اور طالبان ’مشترکہ مقصد‘ رکھتے ہیں، امریکی جنرل

جوبائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے طے شدہ معاہدے کے تحت ’گزشتہ برس 5 ہزار قیدیوں کی رہائی کی اجازت دی گئی جن میں طالبان کے بعض جنگی کمانڈر بھی شامل تھے جنہوں نے ابھی کنٹرول سنبھالا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ جب میں نے صدارتی دفتر سنبھالا، طالبان 2001 کے بعد سے اپنی مضبوط ترین فوجی پوزیشن میں تھے جو ملک کے تقریبا آدھے حصے کو کنٹرول کر رہے تھے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ عہدیداروں کا خیال ہے کہ 100 سے 200 امریکی افغانستان میں ہیں جس میں چند ملک چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان میں سے زیادہ تر کے پاس دہری شہریت ہے اور وہ طویل عرصے سے رہائش پذیر تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ان کو نکالنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان کو امریکا میں موجود اثاثوں تک رسائی نہیں ملے گی، امریکی حکام

امریکا کے متعدد قانون سازوں نے جوبائیڈن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ 31 اگست کی مہلت بڑھا دیں تاکہ مزید امریکیوں اور افغانوں کے انخلا کو ممکن بنایا جاسکے لیکن امریکی صدر نے کہا کہ یہ ’صوابدیدی ڈیڈ لائن نہیں‘ بلکہ ایک ’جان بچانے کے لیے تیار کی گئی ڈیڈ لائن ہے‘۔

جوبائیڈن نے کہا کہ میں فیصلے کی ذمہ داری لیتا ہوں، اب کچھ کہتے ہیں کہ ہمیں بڑے پیمانے پر انخلا شروع کرنا چاہیے تھا اور کیا یہ زیادہ منظم طریقے سے نہیں کیا جا سکتا تھا، احترام کے ساتھ میں ان سے متفق نہیں ہوں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہاں تک کہ اگر انخلا جون یا جولائی میں شروع ہوچکا ہوتا، ’اب بھی ہوائی اڈے پر رش ہوتا‘ کیونکہ لوگ وہاں سے نکلنا چاہتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں