کشمیر کی آزادی کا ہمارا اور سید علی گیلانی کا خواب بہت جلد پورا ہوگا، صدر عارف علوی

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2021
صدر نے کہا کہ بھارت اپنے اندر آگ لگا رہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
صدر نے کہا کہ بھارت اپنے اندر آگ لگا رہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے ہم سے جو وعدے کیے گئے تھے وہ پورے نہیں کیے گئے جبکہ کشمیر کی آزادی کا ہمارا اور سید علی گیلانی کا خواب بہت جلد پورا ہوگا۔

اسلام آباد میں حریت رہنما سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علاوہ چیئرمین سینیٹ، آزاد کشمیر کے صدر و وزیر اعظم اور دیگر نے شرکت کی۔

غائبانہ نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ 'سید علی گیلانی کا خواب کشمیر کی آزادی تھا، ہمارا بھی یہی خواب ہے جو جلد پورا ہوگا'۔

غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے — فوٹو: ڈان نیوز
غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے — فوٹو: ڈان نیوز

انہوں نے کہا کہ 'بھارت نے سید علی گیلانی کی میت کے ساتھ جو کچھ کیا اور جو وہ کشمیری مسلمانوں کے ساتھ کر رہا ہے اس سے وہ اپنے اندر آگ لگا رہا ہے، اس کا اقلیتوں کے ساتھ جو رویہ ہے وہ ایسے ہی ہے جیسا خوشونت سنگھ نے اپنی کتاب 'دی اینڈ آف انڈیا' میں لکھا تھا کہ بھارت کو باہر والوں کی ضرورت نہیں ہے، وہ ان حرکتوں کے ساتھ خود اپنے آپ کو تباہ کرے گا'۔

یہ بھی پڑھیں: سید علی گیلانی، حیدرپورہ میں سخت فوجی محاصرے میں سپردخاک

ان کا کہنا تھا کہ 'کشمیر کے حوالے سے فیصلہ کن گھڑی بہت پہلے آگئی تھی، جو ہم سے وعدے کیے گئے تھے وہ پورے نہیں کیے گئے، اقوام متحدہ کی ساکھ پر بھی بہت بڑا اثر اس بات کا ہے کہ پاکستان نے بھروسہ کیا، ورنہ پاکستان کشمیر کو آزاد کرا چکا ہوتا'۔

صدر مملکت نے کہا کہ 'اقوام متحدہ کے وعدے کی بنیاد پر کشمیر کی آزادی میں تاخیر ہوئی، جانیں ضائع ہوئیں، خواتین کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا، نوجوانوں کو اندھا کیا گیا، کشمیریوں نے بہت ظلم برداشت کیا ہے لیکن اب اللہ کی مدد سے بہت جلد کشمیر آزاد ہوگا'۔

دوسری جانب منصورہ میں بھی کشمیر کی مزاحمتی تحریک کی علامت سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

کراچی میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی امامت میں جمعرات کی شام ساڑھے 5 بجے نیو ایم اے جناح روڈ پر ادا کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کے سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھیننے کی مذمت کرتے ہیں، دفتر خارجہ

سید علی گیلانی کی تدفین

واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بزرگ حریت رہنما اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کو آج صبح سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں سخت فوجی محاصرے میں سپرد خاک کردیا گیا تھا۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' نے کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ قابض حکام نے لوگوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد کر کے پورے علاقے کا محاصرہ کر رکھا تھا، تاکہ لوگوں کو شہید قائد کی رہائش گاہ حیدر پورہ پر اکٹھے ہونے سے روکا جاسکے جو گزشتہ شب بھارتی پولیس کی حراست میں وفات پاگئے تھے۔

قابض انتظامیہ نے پورے علاقے میں انٹرنیٹ سروسز بھی معطل کر دی ہیں۔

اگرچہ سید علی گیلانی اور ان کے اہل خانہ چاہتے تھے کہ ان کی تدفین سرینگر کے مزارِ شہدا قبرستان میں کی جائے تاہم بھارتی قابض انتظامیہ نے جنازے میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کے خوف سے انہیں اس کی اجازت نہیں دی۔

انہیں حیدر پورہ میں اپنے گھر سے صرف چند میٹر کے فاصلے پر دفن کردیا گیا۔

یہ بھی دیکھیں: 'بھارتی فوج نے سید علی گیلانی کا جسد خاکی زبردستی قبضے میں لیا'

بہت کم تعداد میں لوگ جن میں بیشتر اہلخانہ، قریبی رشتہ دار اور ہمسائے شامل تھے، کو ان کی نماز جنازہ میں شرکت اور ان کا آخری دیدار کرنے کی اجازت دی گئی۔

سید علی گیلانی گزشتہ روز 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

بزرگ حریت رہنما کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ بدھ کی شام انتقال کر گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں