عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی خود سے متعلق جھوٹی خبروں پر پریشان

اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2021
گلوکار نے یکم ستمبر کو وضاحت جاری کی—فائل فوٹو: فیس بک
گلوکار نے یکم ستمبر کو وضاحت جاری کی—فائل فوٹو: فیس بک

ملک کے معروف لوک اور عوامی گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے ایک مرتبہ پھر خود سے متعلق جھوٹی خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ وہ روبہ صحت ہیں۔

گزشتہ چند دن سے سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے غلط خبریں پھیل رہی ہیں اور یہاں تک ان کے انتقال کے دعوے بھی کیے جا رہے تھے۔

خود سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلنے کے بعد انہوں نے اپنے فیس بک پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ روبہ صحت ہیں۔

گلوکار نے مختصر پوسٹ میں بتایا کہ ایک مرتبہ پھر ان سے متعلق ایک غلط خبر پھیلانے کی کوشش جاری ہے مگر وہ مداحوں کی دعاؤں سے خیریت سے ہیں۔

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے مذکورہ پوسٹ کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی اور بتایا کہ وہ چاہنے والوں کی دعاؤں سے روبہ صحت ہیں۔

ان سے متعلق فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر من گھڑت خبریں پھیل رہی تھیں، بعض یوٹیوب چینلز نے ان کے انتقال کی خبریں تک چلائی تھیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ان سے متعلق اس طرح کی غلط خبریں پھیلی ہوں، گزشتہ برس نومبر میں بھی ان سے متعلق ایسی ہی افواہیں آئی تھیں۔

نومبر 2020 میں بھی گلوکار نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے اپنے روبہ صحت سے متعلق مداحوں کو بتایا تھا۔

اسی طرح جولائی 2020 میں بھی انہوں نے خود سے متعلق غلط خبروں پر وضاحت جاری کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کی خود سے متعلق جھوٹی خبروں پر وضاحت

ان سے متعلق غلط خبریں 2018 کے بعد پھیلنا شروع ہوئی تھیں جب کہ گلوکار کچھ طبی مسائل کی وجہ سے مختصر وقت کے لیے ہسپتال میں زیر علاج رہے تھے اور اسی دوران ہی ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہونا شروع ہوئیں تھیں۔

گزشتہ 3 سال میں متعدد مرتبہ ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہوئیں اور ہر مرتبہ انہوں نے خبروں پر وضاحتی بیانات جاری کیے۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی 1951 میں پنجاب کے شہر میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں پیدا ہوئے، جس کی وجہ سے وہ عیسی خیلوی کہلواتے ہیں۔

گزشتہ تین سال سے ان سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
گزشتہ تین سال سے ان سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

انہوں نے زمانہ طالب علمی سے ہی حمد، نعت اور گیت گانے کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نے پروفیشنل گلوکاری 1970 کے بعد شروع کی اور دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگئے۔

میانوالی کے نیازی خاندان میں پیدا ہونے والے عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی آنے والے سالوں میں ملک بھر میں اپنی منفرد آواز کی وجہ سے اتنے مقبول ہوگئے کہ ٹرکوں پر ان کی تصاویر بنائی جانے لگیں۔

مزید پڑھیں: عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کی ایک مرتبہ پھر اپنی موت کی خبروں کی تردید

اندازے کے مطابق عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے 50 ہزار کے قریب گیت گائے اور انہوں نے پنجابی، سرائیکی، اردو اور سندھی سمیت دیگر زبانوں میں بھی گلوکاری کی۔

عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے کوک اسٹوڈیو سمیت فلموں کے لیے بھی گیت گائے جب کہ ان کے گانوں کو بھارتی فلم سازوں نے بھی اپنی فلموں میں شامل کیا۔

گلوکار 2018 اور 2019 میں انتہائی علیل بھی ہوگئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک
گلوکار 2018 اور 2019 میں انتہائی علیل بھی ہوگئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک

عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ انہوں نے تین سے زائد شادیاں کیں اور ان کے 4 بچے ہیں لیکن کبھی انہوں نے اپنے خاندان کے حوالے سے کھل کر بات نہیں کی۔

عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی سیاسی طور پر متحرک رہے ہیں، ابتدائی طور پر ان کی ہمدردیاں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ تھیں، تاہم 2013 کے بعد ان کی ہمدریاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ ہوگئیں اور انہوں نے عمران خان کی پارٹی کے لیے گانے بھی تیار کیے جو بے حد مقبول ہوئے۔

شاندار گلوکاری کے باعث عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کو حکومت پاکستان سمیت موسیقی کے دیگر اداروں اور تنظیموں کی جانب سے متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں