ریما خان افغان مہاجرین کی خدمت کرنے پر شوہر کی معترف

اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2021
ریما نے ڈاکٹر طارق شہاب سے 2011 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ریما نے ڈاکٹر طارق شہاب سے 2011 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی مقبول اداکارہ ریما خان نے امریکی حکام کے ساتھ مل کر افغان مہاجرین کی خدمت کرنے پر شوہر ڈاکٹر سید طارق شہاب کے اقدام کا سراہا ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر شوہر کی امریکی فضائی عملے کے ہمراہ طیارے کے کاک پٹ میں کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے شوہر کی تعریف کی اور ان کے لیے دعائیں بھی کیں۔

ریما خان نے بتایا کہ ان کے شوہر دیگر افغان مہاجرین کے علاج معالجے کے لیے قطر جا رہے ہیں۔

اداکارہ نے شوہر کی خدمات پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کے مشکل حالات میں بھی بڑھ چڑھ کر عوامی خدمات کے جذبے سے کافی خوش ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرویو نہ دینے پر صحافی نے سیاستدان کے ساتھ اسکینڈل بنایا، ریما خان

ریما خان نے شوہر کی خیریت کے لیے دعائیں بھی کیں اور اُمید کا اظہار کیا کہ وہ قطر سے خیریت سے واپس آئیں گے۔

اداکارہ کے شوہر ماہر امراض قلب ہیں اور وہ امریکی شہری ہیں۔

ریما خان نے ڈاکٹر سید طارق شہاب سے 2011 میں شادی کی تھی، جس کے بعد انہوں نے شوبز کو تقریبا خیرباد کہہ دیا تھا اور اب وہ امریکا میں ہی مقیم ہیں۔

ریما خان کے شوہر کو امریکی حکومت نے افغانستان سے قطر میں آنے والے مہاجرین کے علاج کے لیے ٹیم کے دیگر ارکان کے ہمراہ بھیجا ہے۔

امریکی فوج کے انخلا کے بعد طالبان نے افغانستان کے اقتدار پر کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔

فوج کے انخلا کے بعد بھی امریکی شہریوں کا انخلا کئی دن تک جاری رہا تھا اور 31 اگست کی صبح کو افغانستان کی سرزمین سے آخری امریکی فوجی طیارہ لوگوں کو لے کر قطر روانہ ہوا تھا۔

امریکا نے 11 ستمبر 2001 میں ورلڈ ٹریڈ سینٹرز پر دہشت گرد حملوں کے تقریبا ایک ماہ بعد 7 اکتوبر 2001 میں افغانستان پر القاعدہ کے خاتمے کےلیے حملہ کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں