کراچی میں ایک بار پھر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، 3 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2021
-فوٹو:پی پی آئی
-فوٹو:پی پی آئی
ایک روز قبل بھی بارش کے باعث شہر میں تباہی مچ گئی تھی اور شہر میں کم از کم ایک کرنٹ لگنے سے ہلاکت کی اطلاع ملی تھی۔ - فائل فوٹو:اے پی
ایک روز قبل بھی بارش کے باعث شہر میں تباہی مچ گئی تھی اور شہر میں کم از کم ایک کرنٹ لگنے سے ہلاکت کی اطلاع ملی تھی۔ - فائل فوٹو:اے پی

کراچی کے مختلف حصوں میں مسلسل دوسرے روز بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لیاقت آباد کے النصیر اپارٹمنٹ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 50 سالہ ملک محمد صابر جاں بحق ہوگئے۔

بلدیہ ٹاؤن کے علاقے عابد آباد قبرستان کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک اور شہری انتقال کرگئے، جن کی شناخت 42 سالہ یقین خان کے نام سے ہوئی۔

ریکسیو عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ایک اور واقعے میں باغ کورنگی کے قریب شالی گوٹھ میں 34 سالہ اسد اقبال بجلی کا کرنٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

کے-الیکٹرک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ شہر بھر میں بارش سے تقریباً 190 فیڈر متاثر ہوگئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ صورت حال کی نگرانی کی جارہی ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔

اطلاعات کے مطابق صدر، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، ملیر، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور شاہراہ قائدین میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ سرجانی ٹاؤن اور نارتھ کراچی اور لانڈھی کورنگی کے علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی بارش کے باعث شہر میں تباہی مچ گئی تھی اور شہر میں کم از کم ایک کرنٹ لگنے سے ہلاکت کی اطلاع ملی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش

محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کی پیش گوئی کے مطابق کل (اتوار) اور پیر کو بھی شہر مون سون سسٹم کے زیر اثر رہے گا ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔

پیش گوئی میں مزید کہا گیا ہے کہ پیر تک شہر میں موسم ابر آلود رہے گا۔

پیش گوئی کے مطابق آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔

اگلے دو روز کے دوران شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج اور کل جامشورو، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ اور خیرپور اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بجلی کی بندش

کے الیکٹرک کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 190 فیڈ رز پر بجلی کی فراہمی میں تعطل کی اطلاعا ت ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 'نشیبی اور بجلی چوری کی زیادہ شرح والے علاقوں میں حفاظتی طور پر بجلی کی ترسیل میں عارضی بندش کا سامنا ہے'۔

بارش سے تباہی

گزشتہ روز کراچی میں مسلسل تیسرے روز وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہوئی۔

بارش نے شہر کے ناقص انفراسٹرکچر، کے الیکٹرک کے بجلی کے ترسیلی نظام اور تقسیم کے نظام کے ساتھ ساتھ بڑی سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت کو تباہ کر دیا۔

زیادہ سے زیادہ بارش 66.7 ملی میٹر یا 2.62 انچ سعدی ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی تھی۔

شہر کے تقریباً ہر حصے میں بارش کے پانی سے سڑکیں زیر آب آگئی تھیں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں جہاں بڑے طوفانی پانی کے نالوں پر سے کچرا اٹھانے کا کام ابھی تک نامکمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش، بجلی غائب

آج مزید بارش کے ساتھ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے ترجمان نے اعلان کیا کہ ہفتہ کو ہونے والے تمام انٹر امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں اور ان کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

گزشتہ روز کرنٹ لگنے سے شہری جاں بحق

پولیس کے مطابق لائٹ ہاؤس کے علاقے چپل گلی کے قریب ایک شخص کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

مذکورہ شخص کی شناخت 45 سالہ ساجد لودھی کے نام سے ہوئی۔

رسالا کے ایس ایچ او امیر اکرام نے دعویٰ کیا کہ ساجد لودھی نشے کا عادی تھا اور اسے بجلی کا بلب چرانے کی کوشش میں کرنٹ لگا۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ واقعہ ایک عمارت کے اندر پیش آیا جہاں اسے وائر کاٹتے ہوئے کرنٹ لگا۔

تبصرے (0) بند ہیں