بی ایم ڈبلیو کی منفرد کانسیپٹ منی الیکٹرک بائیک

04 ستمبر 2021
سی ای 02 — فوٹو بشکریہ بی ایم ڈبلیو
سی ای 02 — فوٹو بشکریہ بی ایم ڈبلیو

بی ایم ڈبلیو ویسے تو گاڑیوں کے حوالے سے زیادہ مشہور ہے مگر حالیہ برسوں میں اس کی جانب سے متعدد کانسیپٹ بائیکس کو تیار کیا گیا ہے۔

اس کا مقصد الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں دیگر کمپنیوں کو سخت ٹکر دینا ہے اور اب اس کی جانب سے ایک اور کانسیپٹ ماڈل سی ای 02 منی بائیک کو پیش کیا گیا ہے۔

جرمنی میں آئی اے اے موبیلیٹی کانفرنس کے موقع پر سی ای 02 کو پیش کیا گیا جو ایک چھوٹی 2 پہیوں والی مستقبل کی سواری ہے۔

اس سے قبل بی ایم ڈبلیو کی ایک اور کانسیپٹ موٹرسائیکل سی ای 04 کو اب کمرشل بنیادوں پر تیار کرنے کی تیار ہورہی ہے تو ہوسکتا ہے کہ مستقبل قریب میں سی ای 02 بھی صارفین کے لیے تیار کی جائے۔

فوٹو بشکریہ بی ایم ڈبلیو
فوٹو بشکریہ بی ایم ڈبلیو

سی ای 02 میں 11 کلو واٹ کی بیلٹ ڈرائیو موٹر موجود ہے جو اس کو 90 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے بیٹری کی گنجائش کی تفصیلات تو ظاہر نہیں کی گئیں مگر دعویٰ کیا کہ فل چارج ہونے پر سی ای 02 90 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔

فوٹو بشکریہ بی ایم ڈبلیو
فوٹو بشکریہ بی ایم ڈبلیو

اس میں کوئی پیڈلز تو نہیں مگر بی ایم ڈبلیو کے مطابق اس میں فٹ ریسٹس موجود ہیں۔

سرکولر ایل ای ڈی ہیڈ لائٹ سواری کا حصہ ہے جبکہ ایک چھوٹا ٹچ ڈسپلے رفتار اور بیٹری اسٹیٹس جیسی تفصیلات فراہم کرتا ہے۔

سی ای 02 کا وزن 120 کلوگرام ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس کی تیاری کے بارے میں تو کچھ نہیں بتایا گیا مگر کمپنی کی جانب سے اسے تیار کیا گیا تو یہ سی ای 04 سے کافی سستی ہوگی جس کی قیمت 16 ہزار ڈالرز تک ہوسکتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں