راؤ سردار علی خان، پنجاب کے نئے آئی جی تعینات

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2021
انعام غنی کو آئی جی ریلوے تعینات کردیا گیا—فائل فوٹو
انعام غنی کو آئی جی ریلوے تعینات کردیا گیا—فائل فوٹو

وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر پنجاب میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو تبدیل کرتے ہوئے انعام غنی کی جگہ راؤ سردار علی خان کو آئی جی پنجاب کے عہدے پر تعینات کرنے کا نوٹی فیکشن جاری کردیا اور صوبے کے چیف سیکریٹری کو بھی تبدیل کردیا گیا۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور اقتدار میں اب تک 6 آئی جی تبدیل ہوچکے ہیں، اس سے قبل شعیب دستگیر کو عہدے سے ہٹا کر انعام غنی کو نیا آئی جی پولیس تعینات کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سی سی پی او لاہور سے اختلافات: آئی جی پنجاب تبدیل، انعام غنی کو ذمہ داری سونپ دی گئی

علاوہ ازیں ایک اور نوٹی فکیشن کے تحت چیف سیکریٹری کو ہٹاتے ہوئے کامران علی افضل کو نیا چیف سیکریٹری مقرر کردیا گیا ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے بھی سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں تقرر کی تصدیق کی۔

دوسری جانب انعام غنی کو آئی جی ریلوے تعینات کردیا گیا کیونکہ سابق آئی جی ریلوے عارف نواز خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد آئی جی ریلوے کی اسامی خالی تھی۔

ان دنوں راؤ سردار علی خان ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی لاہور کے عہدے پر فرائض سر انجام دے رہے تھے۔

اس سے قبل راؤ سردار علی خان ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس پنجاب اور سی پی او کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔

راؤ سردار علی خان کا تعلق صوبہ پنجاب کے ضلع لودھراں سے ہے اور انہوں نے 1990میں بطور اے ایس پی پولیس سروس پاکستان میں شمولیت کی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ راؤ سردار علی خان کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 18 ویں کامن سے ہے جبکہ دوران ملازمت میں راؤ سردار علی خان نے اے ایس پی یوٹی کوئٹہ، ایف سی بنوں اور ایس ڈی پی او قائد آباد کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی جی پنجاب کا تبادلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

ایس پی رینک پروموشن کے بعد انہوں نے بطور ایس پی فیصل آباد، بہاولپور، سرگودھا، رحیم یار خان، اسپیشل برانچ، چکوال اور میانوالی میں فرائض سر انجام دیے ہیں۔

علاوہ ازیں سردار علی خان نے 8 ماہ یو این مشن اور 2 سال آسٹریلیا میں بھی فرائض سر انجام دیے ہیں۔

نئے چیف سیکریٹری پنجاب کا تقرر

وفاقی کابینہ نے کامران علی افضل کو پنجاب کا نیا چیف سیکریٹری تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

پنجاب کے نئے چیف سیکریٹری کا تعلق ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ کے 21 ویں کامن سے ہے جبکہ وہ پنجاب کے 5 ویں چیف سیکریٹری ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نئے چیف سیکریٹری پنجاب کے لیے تین تین نام تجویز کیے تھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے چیف سیکریٹری کے لیے احمد نواز سکھیرا، کامران افضل اور بابر حیات تارڑ کے نام اور آئی جی پی کے لیے راؤ سردار خان، ظفر اقبال اور محسن بٹ کے نام تجویز کیے تھے۔

3 سال میں 6 آئی جی پنجاب تبدیل

خیال رہے کہ پنجاب میں جب 2018 میں تحریک انصاف کی حکومت آئی تھی تو اس وقت صوبے میں پولیس کے سربراہ سید کلیم امام تھے۔

پنجاب پولیس کی ویب سائٹ کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق وہ 11 ستمبر 2018 تک اپنے عہدے پر رہے جس کے بعد محمد طاہر کو نیا آئی جی پنجاب پولیس تعینات کردیا گیا۔

تاہم محمد طاہر ایک ماہ تک ہی اس عہدے کو اپنے پاس رکھ سکے اور 15 اکتوبر 2019 کو انہیں یہ عہدہ چھوڑنا پڑا اور پھر اسی روز امجد جاوید سلیمی کو یہ ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘سی سی پی او کے ہٹائے جانے تک’ آئی جی پی پنجاب نے فرائض انجام دینے سے انکار کردیا

نیشل پولیس اکیڈمی میں بطور کمانڈنٹ فرائض سرانجام دینے والے گریڈ 22 کے پولیس افسر امجد جاوید سلیمی بھی صوبے کی ذمہ داریاں 6 ماہ ہی نبھا سکے اور 17 اپریل 2019 کو ان کا بھی تبادلہ کردیا گیا۔

اسی روز کیپٹن (ر) عارف نواز خان کو ایک مرتبہ پھر آئی جی پنجاب بنا دیا گیا، وہ اس سے قبل بھی سال 2017 سے 2018 کے دوران صوبے کی پولیس کے سربراہ رہ چکے تھے۔

تحریک انصاف کے دور حکومت میں ایک مرتبہ پھر آئی جی بننے والے عارف نواز خان بھی اس عہدے پر 7 ماہ تک برقرار رہے جس کے بعد انہیں بھی ہٹا دیا گیا۔

اس کے بعد 28 نومبر 2019 کو شعیب دستیگر نے صوبے کے آئی جی پولیس کی ذمہ داری سنبھالی تھیں تاہم 8 اگست 2020 کو ساڑھے 9 ماہ بعد انہیں بھی تبدیل کردیا گیا۔

8 ستمر 2020 کو انعام غنی نے بطور آئی جی پولیس اپنی ذمہ داری سنبھالی تھی تاہم انہیں 7 ستمبر 2021 کو ہٹا دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں