کراچی سمیت سندھ بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2021
کراچی میں آج  سے گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
کراچی میں آج سے گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

محکمہ موسمیات پاکستان نے جمعے کی رات کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سردار سرفراز نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ بارش کا موجودہ سلسلہ کم دباؤ والے موسمی نظام کے تحت بدھ سے شروع ہوا جس میں بدین، ٹھٹہ اور عمر کوٹ سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سلسلے کی وجہ سے صوبے بھر میں بارش کا امکان ہے اور یہ سسٹم ہفتے کو سندھ کی حدود سے باہر نکل جائے گا۔

ڈی جی میٹ نے مزید کہا کہ کراچی میں آج سے گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں شدید بارش، مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال

محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ سے حاصل ہونے والی موسم کی تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مشرقی علاقوں، پنجاب کے کچھ حصوں، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں بھی آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

9 ستمبر کی اپڈیٹ کے مطابق بلوچستان کے شمالی مشرقی حصوں، پنجاب، اسلام آباد، سندھ، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش اور طوفانِ برق و باراں ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور مربوط رہا۔

کراچی میں یہ بارش کا دوسرا اسپیل ہے اس سے قبل ہونے والی بارشوں کے دوران شہر میں ایک کمسن بچی سمیت کرنٹ لگنے سے 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ایک بار پھر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، 3 افراد جاں بحق

گزشتہ ہفتے ہونے والی بارش میں سڑکیں اور نشیبی حتیٰ کہ بالائی علاقے بھی زیر آب آگئے تھے اور شام کے وقت دفاتر شاپنگ سینٹر اور بازاروں سے گھر واپس جانے والے شہریوں کو شہر بھر کی مرکزی سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

علاوہ ازیں شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی معطلی کے باعث شہریوں نے رات جاگ کر گزاری تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں