چترال کے 8 اسکولوں میں 65 طلبا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2021
محکمہ صحت نے متاثرہ اسکولوں میں کورونا ایس او پیز کے تحت لاگ ڈاون لگانے کی سفارش کر دی۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی
محکمہ صحت نے متاثرہ اسکولوں میں کورونا ایس او پیز کے تحت لاگ ڈاون لگانے کی سفارش کر دی۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی

چترال کے تعلیمی اداروں میں طلبا میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد کووڈ-19 کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے تحت محکمہ صحت نے متاثرہ اسکولوں میں لاک ڈاؤن لگانے کی سفارش کر دی۔

ضلعی صحت افسر کے ممطابق 8 اسکولوں کے 65 بچوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 4 سرکاری جبکہ 4 نجی اسکول شامل ہیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے اعلان کیا کہ صوبے کے نجی اسکولوں میں ویکسین نہ لگوانے والے اساتذہ اور عملے کو تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں ڈیوٹی سے غیر حاضر مانا جائے گا۔

مزید پڑھیں: محکمہ صحت کی سندھ میں پرائمری اسکول بند کرنے کی سفارش

صوبائی ڈائریکٹوریٹ برائے ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات محکمے کے دیگر ملازمین پر بھی لاگو ہوں گے۔

مزید کہا گیا کہ احکامات کی تعمیل نہ کرنے کی صورت میں اسٹاف کی تنخواہ نہیں کاٹی جائے گی تاہم ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 584 نئے کیسز اور 20 اموات سامنے آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: احتیاطی تدابیر کے ساتھ اسکولوں میں کورونا کی روک تھام ممکن

ملک کی سطح پر بات کی جائے تو ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 62 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جب کہ مزید 84 افراد وبا سے انتقال کر گئے۔

صوبے میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 564 اور مجموعی اموات 5 ہزار 175 ہوچکی ہیں۔

اب تک ملک میں مجموعی طور پر 11 لاکھ 94 ہزار 198 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 26 ہزار 497 افراد وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں