کنٹونمنٹ انتخابات: پی ٹی آئی خیبرپختونخوا، مسلم لیگ (ن) پنجاب میں آگے

اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2021
ملتان کنٹونمنٹ میں آزاد امیدواروں نے 10 میں سے 9 نشستیں جیت لیں — فوٹو: ڈان نیوز
ملتان کنٹونمنٹ میں آزاد امیدواروں نے 10 میں سے 9 نشستیں جیت لیں — فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: 39 میں سے 35 کنٹونمنٹ بورڈ کے 191 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں اپنے اپنے مضبوط علاقوں میں اکثریت حاصل کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکمراں جماعت پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں 9 کنٹونمنٹ بورڈز کے 33 میں سے 16وارڈز میں کامیابی حاصل کر کے مسلم لیگ (ن) کا صفایا کردیا۔

205 میں سے 191 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 57 نشستوں کے ساتھ سب سے زیادہ اکثریت حاصل کرنے والی جماعت ہے، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) 54 نشستیں اور آزاد امیدوار 43 نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکے۔

یہ بھی پڑھیں: کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات: 206 جنرل نشستوں کیلئے پولنگ

ملتان کنٹونمنٹ میں آزاد امیدواروں نے 10 میں سے 9 نشستیں جیت لیں جبکہ بقیہ ایک نشست مسلم لیگ (ن) نے حاصل کی۔

اسی طرح اوکاڑہ کنٹونمنٹ میں آزاد امیدواروں نے 5 میں سے 4 نشستیں حاصل کیں تاہم بہاولپور کنٹونمنٹ میں مسلم لیگ (ن) 3 جبکہ پی ٹی آئی 2 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

سندھ

سندھ میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے 14، 14 نشستوں پر کامیابی حاصل کی لیکن پی ٹی آئی کراچی کے کنٹونمنٹس کی 42 جنرل نشستوں میں سے 14 جیت کر اکثریت حاصل کرنے والی جماعت رہی۔

سندھ میں کنٹونمنٹ بورڈز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی اور پی پی پی نے 14، 14، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے 10، جماعت اسلامی نے 5 اور مسلم لیگ (ن) نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

دوسری جانب کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)، جس نے کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں 84 امیدوار کھڑے کیے تھے، ملک بھر سے ایک بھی نشست نہیں حاصل کرسکی۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے 9 کنٹونمنٹ بورڈز کے 33 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے 16 نشستیں، آزاد امیدواروں نے 8 جبکہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے گڑھ ہزارہ سے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

کے پی میں پیپلز پارٹی 3 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی 2 وارڈز میں کامیابی حاصل کر سکی۔

مزید پڑھیں: کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات: مسلم لیگ (ن) کے پی ٹی آئی پر سنگین الزامات

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے کنٹونمنٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں مایوس نہیں کریں گے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سخت محنت کریں گے۔

بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے 7 میں سے 3 نشستیں جیتیں جبکہ پی ٹی آئی 2 وارڈز میں کامیاب رہی، دیگر 2 نشستیں آزاد امیدواروں نے حاصل کیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں