ایپل کی جانب سے 14 ستمبر کی شب نئے آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس کو متعارف کرایا گیا۔

ایپل ڈاٹ کام نے ان فونز کے تمام ورژنز کی قیمتوں کی تفصیلات اپ ڈیٹ کیں۔

یہ ایپل کے پہلے اسمارٹ فونز ہیں جن میں ایک ٹی بی اسٹوریج کا آپشن بھی دیا گیا ہے ۔

اس کی وجہ بھی حیران کن نہیں کیونکہ اکثر افراد کو معلوم ہے کہ آئی فونز میں ایس ڈی کارڈ سپورٹ نہیں ہوتی، تو انہیں فون میں دی گئی اسٹوریج یا کلاﺅڈ اسٹوریج پر انحصار کرنا ہوتا ہے۔

اور یہ ایپل کے سب سے زیادہ اسٹوریج والے فون ہی نہیں درحقیقت آئی فون 13 پرو میکس اس کمپنی کا اب تک کا سب سے مہنگا فون بھی ہے۔

فوٹو بشکریہ ایپل
فوٹو بشکریہ ایپل

آئی فون 13 پرو کی قیمتیں گزشتہ سال کے آئی فون 12 ہرو جیسی ہی ہے بس اس میں ایک ٹی بی اسٹوریج کا اضافہ ہوگیا ہے۔

یعنی 128 جی بی اسٹوریج والا فون 999 ڈالرز (ایک لاکھ 69 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا، 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 1099 ڈالرز (ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) ، 512 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1299 ڈالرز (2 لاکھ 20 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور ایک ٹی بی ماڈل 1499 ڈالرز (2 لاکھ 54 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

جہاں تک آئی فون 13 پرو میکس کی بات ہے تو یہ اس کمپنی کا سب سے مہنگا فون بھی ثابت ہونے والا ہے۔

آئی فون 13 پرو میکس کا بیسک ماڈل یعنی 128 جی بی اسٹوریج والا فون 1099 ڈالرز (ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) پر فروخت ہونا شروع ہوگا۔

آئی فون 13 پرو میکس کا 256 جی بی اسٹوریج والا فون 1199 ڈالرز (2 لاکھ 3 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 512 جی بی اسٹوریج والا فون 1399 ڈالرز (2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا۔

اور اگر آپ ایک ٹی بی اسٹوریج والا ماڈل خریدنے کے خواہشمند ہوں گے تو اس کے لیے 1599 ڈالرز (2 لاکھ 71 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔

اور یہ تو وہ قیمتیں ہیں جو امریکا یا چند دیگر ممالک کے لیے کمپنی نے اعلان کی ہیں، پاکستان میں عام طور آئی فونز کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہی ہوتی ہیں، تو یہ حیران کن نہیں ہوگا کہ آئی فون 13 پرو میکس کا کوئی ورژن ملک میں 3 لاکھ روپے میں فروخت ہو۔

تبصرے (0) بند ہیں