سینٹ لوشیا کو شکست، سینٹ کیٹس پہلی مرتبہ کیریبیئن پریمیئر لیگ کی چیمپیئن

16 ستمبر 2021
سینٹ کیٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
سینٹ کیٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

کیریبیئن پریمیئر لیگ( سی پی ایل) کے فائنل میں ڈومینک ڈریکس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سینٹ کیٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سینٹ لوشیا کو شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

سینٹ کیٹس کے وارنر پارک میں کھیلے گئے میچ میں سینٹ لوشیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز نے سینٹ لوشیا کو 25 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے پر کپتان آندرے فلیچر کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ مارک دیال بھی صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے۔

32 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد رحکیم کورن وال کا ساتھ دینے روسٹن چیز آئے اور دونوں نے 44 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 76 تک پہنچا دیا، اس مرحلے پر کورن وال کی 43 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ ڈیوڈ ویزے بھی صرف دو رنز بنا سکے۔

ٹم ڈیوڈ کا وکٹ پر قیام بھی 10 رنز تک محدود رہا اور ٹیم کی سنچری مکمل ہونے کے بعد وہ بھی چلتے۔

مشکلات سے دوچار سینٹ لوشیا کی امیدیں روسٹن چیز سے وابستہ تھیں لیکن 18ویں اوور کی آخری گیند پر نسیم شاہ نے 43رنز بنانے والے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس مرحلے پر لگتا تھا کہ شاید مہمان بلے باز 150 کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں گے لیکن کیمو پال نے پانچ چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مقررہ اوورز میں 159 رنز کے مجموعی تک رسائی دلا دی۔

سینٹ لوشیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے اور سینٹ کیٹس کی طرف سے فواد احمد اور نسیم شاہ دو، دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں سینٹ کیٹس کا آغاز تباہ کن تھا اور پہلے ہی اوور میں کرس گیل بغیر کوئی رنز بنائے روسٹن چیز کی وکٹ بن گئے۔

گزشتہ میچ میں 77 رنز کی فتح گر اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے ایون لوئس بھی صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اس مرحلے پر جوشوا ڈی سلوا کا ساتھ دینے شرفین ردرفورڈ آئے اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑے لیکن اس سے قبل یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، کیسرک ولیمز نے 37 رنز بنانے والے ڈی سلوا کا کام تمام کردیا۔

ابھی سینٹ کیٹس کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ شرفین بھی 25 رنز بنانے کے بعد الزاری جوزف کو انہی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

کپتان ڈیوین براوو نے ڈریکس کے ساتھ مل کر اسکور کو 95 تک پہنچایا لیکن ڈیوڈ ویزے نے کیموپال کی مدد سے آل راؤنڈر کو چلتا کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی امیدیں روشن کر دیں۔

95 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈریکس کا ساتھ دینے فیبیئن ایلن آئے اور دونوں مشکل وقت میں 44 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے خصوصاً ڈریکس نے جارحانہ بیٹنگ سے رن ریٹ بھی برقرار رکھا۔

فیبیئن ایلن 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ چیلڈن کوٹریل بھی صرف پانچ رنز بنا سکے۔

اننگز کے آخری اوور میں میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 9رنز درکار تھے اور ڈریکس نے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے آخری گیند پر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

ڈریکس نے 24 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

اس فتح کے ساتھ ہی سینٹ کیٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے پہلی مرتبہ کیریبیئن پریمیئر لیگ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

روسٹن چیز کو پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کرنے پر ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں