ایپل کا 3 پرانے آئی فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2021
آئی فون 11 — فوٹو بشکریہ ایپل
آئی فون 11 — فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل نے 14 ستمبر کو اپنے نئے آئی فون 13 منی، آئی فون 13، آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس متعارف کرائے۔

مگر نئے آئی فونز کے متعارف کرانے کے ساتھ کمپنی کی جانب سے پرانے ماڈلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا بھی اعلان کیا گیا۔

ایپل کی جانب سے آئی فون 12 منی، آئی فون 12 اور آئی فون 11 کی قیمتوں میں 100 ڈالرز کی کمی کئی گئی ہے۔

سو ڈالرز کمی کے بعد 2020 کا آئی فون 12 منی اب 599 ڈالرز (81 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، آئی فون 12 699 ڈالرز جبکہ 2019 کا آئی فون 11 تاریخ کی کم ترین قیمت 499 ڈالرز (97 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

آئی فون 12 منی — فوٹو بشکریہ ایپل
آئی فون 12 منی — فوٹو بشکریہ ایپل

یعنی ایپل کا 2020 کا مقبول ترین آئی فون اب اس کے سستے ترین آئی فون ایس ای (2020) سے کچھ زیادہ مہنگا نہیں رہا جو 399 ڈالرز میں دستیاب ہوگا۔

اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرو میکس کو ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

آئی فون 12 — فوٹو بشکریہ ایپل
آئی فون 12 — فوٹو بشکریہ ایپل

یہ فون اب مارکیٹ میں تو شاید ملے جائیں مگر ایپل کے آفیشل چینیلز سے ان کی دستیابی ممکن نہیں ہوگی۔

ان پرانے آئی فونز میں بھی آئی او ایس 15 آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کرنا ممکن ہوگا۔

خیال رہے کہ آئی فون 13 منی کا 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 699 ڈالرز جبکہ آئی فون 13 کا 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 799 ڈالرز میں دستیاب ہوگا۔

آئی فون 13 منی اور آئی فون 13 پری آرڈر میں 17 ستمبر جبکہ صارفین کو 24 ستمبر سے دستیاب ہوں گے۔

اسی طرح آئی فون 12 پرو کی قیمت 999 ڈالرز سے شروع ہوگی جو 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل ہوگا۔

اس فون کے پری آرڈر 17 ستمبر سے شروع ہوں گے اور ایک ہفتے بعد 24 ستمبر کو صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

آئی فون 12 پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالرز سے شروع ہوگی جو 128 جی بی والا ماڈل ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں