پاکستانی نژاد باکسر عامر خان کو مبینہ طور پر فیس ماسک نہ پہننے پر ایک ساتھی سمیت امریکی فضائی کمپنی کی پرواز سے نکال دیا گیا۔

سابق عالمی لائٹ ویلٹر ویٹ چیمپئن عامر خان نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ نیویارک سے ایک تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے کولوراڈو جانا چاہتے تھے۔

مگر پرواز کے دوران عامر خان اور ان کے ساتھی نے فیس ماسک اس وقت اتار دیئے جب کسی مسافر نے شکایت کی کہ باکسر کے ساتھی کا ماسک صحیح طرح ایڈجسٹ نہیں۔

عامر خان نے دعویٰ کیا کہ انہیں ان کے ساتھی سمیت بغیر کسی وجہ کے پولیس نے پرواز سے نکال دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے آج طیارے سے پولیس نے اس وقت نکالا جب میں کولوراڈو کے ٹریننگ کیمپ میں جارہا تھا'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'امریکی ایئرلائنز کے عملے کو شکایت کی گئی تھی کہ میرے ساتھی کا ماسک ٹھیک طرح سے اوپر نہیں، جس کے بعد طیارے کو روک کر مجھے اور میرے دوست کو لے جایا گیا'۔

عامر خان نے کہا کہ 'انہوں نے ہم دونوں کو باہر نکال دیا، میں ون اے جبکہ میرا ساتھی ون بی پر بیٹھا ہوا تھا، مجھے یہ بہت برا محسوس ہوا، مجھے کولوراڈو تربیتی کیمپ جانا تھا مگر اب ایک اور دن کے لیے نیویارک آنا پڑا'۔

ان کے مطابق بغیر کسی وجہ کے ایسا ہوا اور امریکن ایئرلائنز نے مجھ پر سفر کی پابندی بھی لگادی۔

دوسری جانب امریکن ایئرلائنز نے باکسر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عملے کی جانب سے کئی مرتبہ درخواست کیے جانے پر بھی دونوں نے ہدایات پر عمل نہیں کیا۔

فضائی کمپنی نے یہ بھی تردید کی کہ پولیس کو مسافروں کو پرواز سے نکالنے کے لیے طلب کیا گیا یا ان کی دوبارہ پروازوں میں شرکت کی پابندی لگائی گئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پرواز کے ٹیک آف کرنے سے پہلے طیارے کو گیٹ پر واپس لاکر 2 مسافروں کو نکالا گیا جن کی جانب سے عملے کی مسلسل درخواستوں پر بھی موبائل فونز کو ایئر پلین موڈ پر رکھنے اور فیس ماسک پہننے جیسی ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں