نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نومبر میں بھارت کا دورہ کرے گی

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2021
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلے جائیں گے--فائل/فوٹو: رائٹرز
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلے جائیں گے--فائل/فوٹو: رائٹرز

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر پاکستان کا دورہ چھوڑ کرجانے کے بعد اب نومبر میں بھارت کے دورے کا اعلان کردیا ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ سے جاری اعلامیے کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے بھارت کے ہوم سیزن 2021-22 کا آغاز ہوگا۔

مزید پڑھیں: 'سیکیورٹی خدشات': نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا

بیان میں کہا گیا کہ سیزن میں 4 ٹیسٹ، تین ون ڈے اور 14 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نومبر میں دورہ بھارت میں دو ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کی ٹیم گزشتہ جمعے کو راولپنڈی میں شیڈول سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ کے آغاز سے محض چند گھنٹے قبل سیکیورٹی کو وجہ بناتے ہوئے دورہ منسوخ کردیا تھا۔

کیوی بورڈ کے اس فیصلے پر جہاں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی وہی کرکٹ کے شائقین نے شدید مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا دوسرا ہاف اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کورونا وائرس کی سنگین صورت حال کے باعث ملتوی ہوچکا ہے۔

دونوں ٹورنامنٹس کو بھارت سے متحدہ عرب امارات اور عمان منتقل کردیا تھا اور دونوں ممالک مشترکہ طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔

بھارت کا دورہ کرنے والی دیگر ٹیموں میں ویسٹ انڈیز بھی شامل ہے جو اگلے برس فروری میں مختصر طرز کرکٹ سیریز کے 6 میچز کھیلے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف کا پاکستان سیریز کی ’دوبارہ بحالی‘ کا عزم

سری لنکا کی ٹیم بھی اگلے برس کے اوائل میں بھارت کا دورہ کرے گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

بعد ازاں جنوبی افریقہ کی ٹیم جون میں 6 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے بھارت کا دورہ کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں