کیا ہم رشتہ دار ہیں؟ جوبائیڈن کا نریندر مودی سے سوال!

اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2021
امریکی صدر اور بھارتی وزیر اعظم نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی — فوٹو: رائٹرز
امریکی صدر اور بھارتی وزیر اعظم نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی — فوٹو: رائٹرز

امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران سوال کیا 'کیا ہم رشتہ دار ہیں؟'

نریندر مودی نے مذاق میں جواب دیا 'جی ہاں!'

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی کے ساتھ بطور صدر اپنی پہلی دوطرفہ ملاقات کے آغاز پر جو بائیڈن نے وضاحت کی کہ انہیں بائیڈن خاندان کی ایک بھارتی شاخ کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا تھا جب وہ 1972 میں پہلی بار کانگریس کے رکن منتخب ہوئے تھے اور انہیں ممبئی میں رہنے والے بائیڈن نامی ایک شخص کا خط موصول ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: امریکا اور بھارت کا باہمی سیکیورٹی تعلقات میں توسیع پر اتفاق

جو بائیڈن نے کہا کہ 'مجھے پتہ چلا کہ وہاں ایک کیپٹن جارج بائیڈن تھا جو ایسٹ انڈیا ٹی کمپنی میں کپتان تھا'۔

انہوں نے برطانوی سلطنت کی بنیاد رکھنے والی ایسٹ انڈیا کمپنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 'ایک آئرش مین کے لیے یہ تسلیم کرنا مشکل ہے!'

واضح رہے کہ 150 سال قبل ایسٹ انڈیا کمپنی کا وجود ختم ہوگیا تھا۔

جو بائیڈن نے کہا کہ انہیں معلوم ہوا کہ جارج بائیڈن نے بھارت میں قیام کیا اور ایک بھارتی خاتون سے شادی کی تھی، تاہم انہوں نے مزید کہا کہ 'میں کبھی بھی اس کا سراغ نہیں لگا سکا، اس لیے اس ملاقات کا پورا مقصد یہ ہے کہ میری مدد کریں کہ وہ کون ہے!'

نریندر مودی نے کہا کہ جو بائیڈن نے اس سے قبل بھی ان سے اس کا ذکر کیا تھا اس لیے انہوں نے ایسی دستاویزات کی تلاش کی تھی جو خاندانی ٹری کے خلا کو پُر کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت، امریکا کی سیٹلائٹ ڈیٹا پر عسکری معاہدے کی تیاری

انہوں نے جو بائیڈن سے ہنستے ہوئے جواب میں کہا کہ 'آج میں کچھ دستاویزات لے کر آیا ہوں شاید وہ دستاویزات آپ کے کام آسکیں'۔

واضح رہے کہ امریکا اور بھارت کے تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں اور واشنگٹن، انڈو پیسیفک خطے میں چینی اثر و رسوخ کو کم کرنے کی کوشش میں نئی دہلی کو اہم شراکت دار سمجھتا ہے۔

ان کی ملاقات کے بعد جو بائیڈن اور نریندر مودی نام نہاد کواڈ گروپنگ میں جاپان اور آسٹریلیا کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کریں گے تاکہ اس کوشش پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں