سینما کھولنے کی اجازت پر فہد مصطفیٰ اور نبیل قریشی کا خوشی کا اظہار

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2021
کورونا کی وبا کی وجہ سے پاکستان میں مارچ 2020 کے بعد سینماؤں کو بند کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
کورونا کی وبا کی وجہ سے پاکستان میں مارچ 2020 کے بعد سینماؤں کو بند کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

حکومت کی جانب سے ملک کے 8 شہروں میں سینما گھروں کو کھولنے کی اجازت دینے پر پروڈیوسر و میزبان فہد مصطفیٰ اور فلمساز نبیل قریشی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی فلمساز نبیل قریشی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ 'آئیں سینماؤں کو واپس چلتے ہیں'۔

دوسری جانب میزبان و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے 'واہ واہ' تحریر کیا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل شہرہ آفاق جاسوسی فلم سیریز ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو برطانیہ میں ریلیز کیے جانے کے بعد پاکستانی فلمسازوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سوال کیا جارہا تھا کہ پاکستان میں دوبارہ کبھی سینما کھلیں گے؟

مزید پڑھیں: ملک کے 8 شہروں میں سینما کھولنے کی اجازت

جس کے بعد گزشتہ روز فواد چوہدری نے کہا تھا کہ راولپنڈی، اسلام آباد سمیت 8 شہروں میں سینما گھروں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اُمید ہے کہ لاہور اور کراچی کی انتظامیہ ویکسینیشن مہم کو بڑھائے گی تاکہ اگلے 10 دنوں میں ان شہروں کے سینما بھی کھل سکیں۔

خیال رہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے پاکستان میں مارچ 2020 کے بعد سینماؤں کو بند کیا گیا تھا اور ساتھ ہی نئی فلموں کی شوٹنگ بھی منسوخ کردی گئی تھی۔

گزشتہ برس مارچ سے لے کر اب تک پاکستان میں سینما نہیں کھولے جا سکے لیکن جزوی طور پر فلموں کی شوٹنگ شروع کی گئی تھی اور کورونا کے دوبارہ زور پکڑنے پر پھر سے شوٹنگ بند کردی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث پاکستانی سینما کا مستقبل کیا ہے؟

سینما مالکان اور فلم پروڈیوسرز کو اُمید تھی کہ 2020 کے آخر تک ملک میں سینما کھل جائیں گے اور حکومت نے کورونا کیسز میں کمی کے بعد سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ سینما کھولنے کی اجازت بھی دی تھی مگر انہیں کھولا نہیں جا سکا تھا۔

پاکستان میں فلموں کی کم پروڈکشن اور کورونا کے بار بار سر اٹھانے کی وجہ سے سینما مالکان نے سینماؤں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستانی سینما گھروں میں مقامی فلم آخری مرتبہ 2020 کے آغاز میں ہی ریلیز ہوئی تھی، اس کے بعد تاحال کسی پاکستانی فلم کو بھی ریلیز نہیں کیا گیا۔

اس وقت بڑی فلموں میں 'قائداعظم زندہ باد'، 'چکر'، 'پردے میں رہنے دو'، 'یارا وے'، کھیل کھیل میں' اور 'پیچھے تو دیکھو' سمیت دیگر ریلیز ہونے کو تیار ہیں اور حکومت کی جانب سے سینما کھولنے کی اجازت کے بعد ان کی جلد ریلیز کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں