عمران خان کی کارکردگی پر نظر ہے، ابھی تک ان کا اسکور ’ففٹی ففٹی ہے‘، حمزہ عباسی

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2021
حمزہ علی وزیر اعظم کی تعریفیں کرتے رہےہیں—فائل فوٹو: فیس بک
حمزہ علی وزیر اعظم کی تعریفیں کرتے رہےہیں—فائل فوٹو: فیس بک

معروف اداکار اور خود کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا سپورٹر کہنے والے حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

حمزہ علی عباسی ماضی میں پی ٹی آئی کے ذمہ دار بھی رہے ہیں لیکن انہوں نے 2015 میں کے کلچرل سیکریٹری کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

حمزہ علی عباسی کا شمار ان شوبز شخصیات میں ہوتا ہے جو کھلے عام وزیر اعظم عمران خان اور ان کی پارٹی کی حمایت کرتے ہیں اور وہ متعدد مرتبہ وزیر اعظم کے اقدامات کی تعریف بھی کر چکے ہیں۔

حال ہی میں ٹوئٹر پر جب ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ وہ عمران خان کی بڑا سپورٹ کرتے رہے ہیں اور اب ان کا وزیر اعظم کی کارکردگی پر کیا کہنا ہے؟

مداح کو جواب دیتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے دلچسپ بات کی اور کہا کہ ان کی وزیر اعظم عمران خان کی کارکردگی پر نظر ہے اور مستقبل میں ان کی حمایت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق وہ ان کی کارکردگی کو مد نظر رکھ کر فیصلہ کریں گے۔

ان کے مطابق اب تک وزیر اعظم عمران خان کی کارکردگی اور اسکور ’ففٹی ففٹی ہے‘ جب کہ ان کی مدت مکمل ہونے میں تاحال دو سال پڑے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ وہ عمران خان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ہی اگلی مرتبہ انہیں ووٹ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے جواب میں اعتراف کیا کہ وزیر اعظم مہنگائی جیسے مسائل پر قابو پانے میں ناکام ہو چکے ہیں لیکن انہوں نے ان کی بعض کارکردگیوں کی تعریف بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ عباسی تحریک انصاف سے الگ

حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ وزیر اعظم کی خارجہ پالیسی بہت اچھی ہے اور ان کی اب تک کی کارکردگی ’ففٹی ففٹی رہی ہے‘۔

حمزہ علی عباسی نے جس مداح کے سوال کا جواب دیا، اس مداح نے ان کی 20 ستمبر کی انسانی وجود اور نظر نہ آنے والی قوت کے فلسفے پر کی گئی ٹوئٹ پر ان سے سوال کیا تھا۔

حمزہ علی عباسی ماضی میں پی ٹی آئی کے کلچرل سیکریٹری رہے ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر
حمزہ علی عباسی ماضی میں پی ٹی آئی کے کلچرل سیکریٹری رہے ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر

فلسفیانہ ٹوئٹ پر وزیر اعظم کی کارکردگی پر سوال کرنے والے مداح کو حمزہ علی عباسی نے ایک روز بعد جواب دیا تھا۔

ان کے جواب پر بھی کئی لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور انہیں تجویز دی تھی کہ وہ ’خارجہ پالیسی‘ سے متعلق معلومات حاصل کریں۔

ایک خاتون نے ان کے خارجہ پالیسی کے بیان پر انہیں تجویز دی کہ وہ مذکورہ معاملے پر مزید تحقیق کریں اور یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ دنیا میں افغانستان کے علاوہ بھی دیگر ممالک ہیں، بیرون ممالک کی ٹیمیں یہاں آنے کو تیار نہیں، آپ نے ہر چیز کو اداکاری سمجھ رکھا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں