آریان خان کے ساتھ گرفتار کی گئی ادھیڑ عمر خاتون کون ہیں؟

07 اکتوبر 2021
منمن دھمیچا بھی آریان خان کے ساتھ گرفتار کی گئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
منمن دھمیچا بھی آریان خان کے ساتھ گرفتار کی گئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے ہمراہ منشیات استعمال کرنے اور اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کی گئی ادھیڑ عمر کی خوبرو خاتون کے حوالے سے بھارتی سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں جاری ہیں، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ خاتون ایک ماڈل ہیں۔

آریان خان کو انسداد منشیات فورس (اینٹی نارکوٹکس) فورس نے 3 اکتوبر کو سمندری جہاز میں ہونے والی پارٹی میں منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا تو ان کے ہمراہ ایک ادھیڑ عمر خاتون کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔

مذکورہ خاتون کی گرفتاری کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر آریان خان کے حوالے سے کئی افواہیں پھیلائی گئیں۔

تاہم متعدد بھارتی ویب سائٹس کے مطابق مذکورہ خاتون منمن دھمیچا دراصل ایک ابھرتی ہوئی ماڈل ہیں جنہیں ماضی میں بولی وڈ کے بڑے اداکاروں کے ساتھ بھی دیکھا جا چکا ہے۔

’انڈیا ٹوڈے ‘ کے مطابق آریان خان کے ساتھ گرفتار کی گئی منمن دھمیچا کی عمر 39 برس ہے اور وہ ممبئی میں ماڈلنگ کرتی رہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماڈل 6 سال قبل ریاست مدھیا پردیش سے بھائی کے ہمراہ دہلی منتقل ہوئی تھیں، جہاں ان کے ایک ہی بھائی ملازمت کرتے ہیں جب کہ وہ ماڈلنگ کی غرض سے ممبئی میں رہائش پذیر ہیں۔

منمن دھمیچا کا تعلق متوسط گھرانے سے ہیں اور ان کے والدین چند سال قبل انتقال کر گئے تھے اور انہوں نے ہی اپنے چھوٹے بھائی کی پرورش کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ منمن دھمیچا انسٹاگرام پر متحرک رہتی ہیں اور وہ متعدد بولی وڈ اسٹارز کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ منمن دھمیچا نے نارکوٹکس فورس کو دوران تفتیش بتایا کہ انہیں ایئرپورٹ کے قریب ایک فائیو اسٹار ہوٹل سے نامعلوم شخص نے منشیات دی، جسے لے کر وہ بحری جہاز میں ہونے والی پارٹی پہنچیں۔

ابھی یہ مکمل طور پر واضح نہیں ہے کہ آریان خان اور ان کے دیگر 6 ساتھیوں کو منشیات مذکورہ ماڈل نے لاکر دی یا پھر انہیں کسی اور ذریعے سے بھی ڈرگ ملی؟

ابھی یہ معلومات بھی سامنے نہیں آئی کہ نارکوٹکس فورس نے بحری جہاز پر چھاپہ مارتے وقت آریان خان سمیت تمام افراد کو نشہ کرتے ہوئے پکڑا تھا یا نہیں؟

تاہم رپورٹس ہیں کہ نارکوٹکس فورس نے آریان خان سمیت ان کے ساتھیوں کو منشیات استعمال کرنے اور رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے، لیکن انسداد منشیات فورس نے انہیں نشہ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں نہیں پکڑا۔

رپورٹ کے مطابق بحری جہاز میں کم از کم ڈیڑھ ہزار افراد موجود تھے اور اسے پرتعیش پارٹی کے لیے تین دن تک سمندر میں ہی رہنا تھا۔

نارکوٹس فورس کے چھاپے اور آریان خان کی گرفتاری کے بعد بحری جہاز پارٹی بھی ختم ہوگئی، تاہم انسداد منشیات فورس نے بحری جہاز میں سوار دیگر افراد کو گرفتار نہیں کیا۔

آریان خان ماڈل منمن دھمیچا سمیت دیگر 6 ساتھیوں کے ہمراہ اس وقت عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں، انہیں تین سے 7 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں