آریان خان ساتھیوں سمیت ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2021
بیٹے کی ضمانت کے لیے والدہ عدالت پہنچیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بیٹے کی ضمانت کے لیے والدہ عدالت پہنچیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور ان کے ساتھ منشیات کے استعمال میں گرفتار کیے گئے دیگر افراد کو بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کی عدالت نے ریمانڈ پر نارکوٹکس کنٹرول کے حوالے کردیا۔

آریان خان کو تین اکتوبر کو بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

نارکوٹکس فورس نے آریان خان اور ان کے ساتھیوں کو ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے آج عدالت پیش کیا تھا، جہاں ان کی والدہ فیشن ڈیزائنر گوری خان نے ان کی ضمانت کے لیے بھی درخواست جمع کروائی تھی۔

’ٹائمز آف انڈیا ‘ کے مطابق نارکوٹکس فورس نے عدالت کو بتایا کہ ابھی ان کی تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے، اس لیے جانچ مکمل ہونے تک تمام ملزمان کو کم از کم مزید 9 دن کے لیے ریمانڈ پر دیا جائے لیکن عدالت نے تمام ملزمان کو 7 اکتوبر تک ریمانڈ پر بھیج دیا۔

عدالت نے گوری خان کی جانب سے دائر کردہ درخواست کو مسترد کردیا اور ساتھ ہی آریان خان کے تمام ساتھیوں کو بھی ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت میں نارکوٹکس فورس نے بتایا کہ چھاپے کے دوران ملزمان سے کوکین، چرس اور دیگر اقسام کی منشیات سمیت ایک لاکھ 33 ہزار روپے نقد رقم بھی برآمد کی۔

عدالت میں ملزمان کی پیشی کے وقت شاہ رخ خان کے بیٹے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نارکوٹکس فورس چالان میں یہ بات ثابت نہیں کر سکی کہ ان کے موکل منشیات استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے یا ان کے پاس ڈرگس پکڑی گئی، اس لیے ان کے موکل کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

آریان خان کو عدالت میں پیش کیے جانے کے حوالے سے بھارتی نشریاتی ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) نے بتایا کہ این سی بی نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے تمام افراد کو ممبئی کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے عدالت سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی اور عدالت نے تمام ملزمان کو نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آریان خان سمیت ان کے ساتھیوں پر نارکوٹکس ایکٹ کی دفعہ 8 سی، 20، 27 اور 35 کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ آریان خان کو عدالت میں پیش کیے جانے کے موقع پر ان کی والدہ گوری خان بھی موجود رہیں، اس دوران انہوں نے سیاہ چشمہ پہن رکھا تھا جب کہ ان کے ہمراہ پوری وکلا کی ٹیم تھی۔

بیٹے کی پیشی کے موقع پر شاہ رخ خان عدالت میں موجود نہیں تھے، دوسری جانب اداکار کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر آریان خان کا ساتھ دیتے ہوئے ان کی حمایت میں ہیش ٹیگز بھی چلائے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کا بیٹا آریان منشیات کیس میں گرفتار

یہ پہلا موقع ہے کہ بولی وڈ خان کے بیٹے کو کسی کیس میں پولیس نے گرفتار کیا ہے، اس سے قبل شاہ رخ خان یا ان کے کسی اہل خانہ کو کبھی گرفتار نہیں کیا گیا، البتہ اداکار پر ماضی میں مقدمات درج کروائے جاتے رہے ہیں۔

شاہ رخ خان کے بیٹے سے قبل بھی متعدد بولی وڈ شخصیات کے بچے یا خود کامیاب اداکار منشیات کے استعمال یا دوستوں کے ہمراہ ڈرگس پارٹیاں کرنے کے الزامات میں گرفتار ہوتے رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں