لکس اسٹائل ایوارڈز: یمنیٰ زیدی بہترین اداکارہ، دانش تیمور اور بلال عباس بہترین اداکار قرار

اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2021
فلمیں ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے رواں برس ان ایوارڈز میں فلم کی کیٹیگری شامل نہیں کی گئی تھی—فوٹوز: انسٹاگرام
فلمیں ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے رواں برس ان ایوارڈز میں فلم کی کیٹیگری شامل نہیں کی گئی تھی—فوٹوز: انسٹاگرام

عالمی وبا کورونا وائرس کی صورتحال کچھ معمول پر آنے کے بعد منعقد ہونے والے 20ویں لکس اسٹائل ایوارڈز میں اداکارہ یمنیٰ زیدی بہترین اداکارہ جبکہ اداکار دانش تیمور اور بلال عباس خان بہترین اداکار قرار پائے۔

20ویں لکس ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب 9 اکتوبر کو منعقد ہوئی جس میں پاکستانی فیشن، ٹی وی اور موسیقی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اعزازات سے نوازا گیا۔

تاہم عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث سینماز بند ہونے اور فلمیں ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے رواں برس ان ایوارڈز میں فلم کی کیٹیگری شامل نہیں کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی نامزدگیوں کا اعلان

لکس اسٹائل ایوارڈز 2020 کی ورچوئل تقریب منعقد ہوئی مگر رواں برس ان ایوارڈز کو 2 دہائیاں مکمل ہونے پر تقریب کا محدود پیمانے پر اور کورونا پروٹوکولز کے ساتھ کیا گیا۔

ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی کے فرائض، مہوش حیات، منشا پاشا، احسن خان اور احمد علی بٹ نے سرانجام دیے۔

لکس اسٹائل ایوارڈز کی 20ویں تقریب کے آغاز پر ان ایوارڈز کو 2 دہائیاں مکمل ہونے پر مختلف شوبز شخصیات نے خصوصی ترانے پر پرفارم کیا۔

شو کے دوران اداکارہ مہوش حیات، احسن خان کی سالگرہ کا کیک بھی لائیں اور انہیں جنم دن کی مبارکباد بھی دی گئی۔

شو کے دوران اداکارہ ماہرہ خان نے شہریار منور اور احمد علی کے ساتھ فلم ’پرے ہٹ لَو‘ کے گانوں پر پرفارم کیا۔

انہوں نے اداکارہ میرا کے ساتھ ’اک پل‘ پر پرفارمنس دی، ماہرہ خان نے اسی فلم کے ایک اور گانے ’مورے سیاں‘ پر بھی پرفارم کیا۔

علاوہ ازیں اداکارہ ریشم نے ڈانس پرفارمنس کے ذریعے فریدہ خانم کو خراجِ تحسین پیش کیا جس میں ان کے ساتھ اداکار احسن خان نے بھی پرفارم کیا۔

گلوکار عاصم اظہر نے پہلی مرتبہ لکس اسٹائل ایوارڈز میں پرفارم کیا اور گزشتہ برس کے دوران اس دنیا سے رخصت ہونے والے تمام ستاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

علاوہ ازیں فیشن میں بنٹو کاظمی کو ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ اور رواں برس انتقال کرجانے والی حسینہ معین کو ’چینج میکرز‘ کا خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر شوبز شخصیات کی تنقید

اس سال بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ یمنیٰ زیدی (کریٹکس اینڈ ویوورز چوائس) جبکہ بہترین اداکار (کرٹکس) کا ایوارڈ بلال عباس اور بہترین اداکار (ویوورز چوائس) کا ایوارڈ دانش تیمور نے جیتا۔

لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 میں مختلف کیٹیگریز کے فاتحین کی فہرست کچھ یوں ہے۔

فیشن

ماڈل آف دی ائیر (فیمیل) : مشک کلیم

ماڈل آف دی ائیر (میل) : سچل افضل

اچیومنٹ ان فیشن ڈیزائن (برائیڈل) : شہلا چتور

اچیومنٹ ان فیشن ڈیزائن (لگژری پریٹ) : حسین ریہار

اچیومنٹ ان فیشن ڈیزائن (پریٹ) : جنریشن

بیسٹ مینز وئیر(ڈیزائنر) : اسمٰعیل فرید

بیسٹ فیشن فوٹوگرافر : نجم محمود

بیسٹ ہیئر اینڈ میک اپ آرٹسٹ : سنیل نواب

بیسٹ ایمرجنگ ٹیلنٹ ان فیشن : سارہ ذوالفقار

میوزک

بیسٹ سنگر آف دی ایئر : عباس علی خان 'میں یہ جانوں نا' کے لیے

بیسٹ سانگ آف دی ایئر : ’تیری تصویر‘ بائے بیان

بیسٹ ایمرجنگ ٹیلنٹ (میوزک) : عزیز قاضی 'شانترم' کے لیے

بیسٹ ویڈیو ڈائریکٹر: حمزہ بن طاہر 'تیری تصویر' کے لیے

ٹیلیویژن

بہترین ٹی وی اداکارہ (ویورز چوائس): یمنیٰ زیدی -پیارکے صدقے

بہترین ٹی وی اداکارہ (کریٹکس): یمنیٰ زیدی -پیارکے صدقے

بہترین ٹی وی اداکار (کریٹیکس): بلال عباس-پیار کے صدقے

بہترین ٹی وی اداکار (ویورز چوائس): دانش تیمور-دیوانگی

بہترین ایمرجنگ ٹیلنٹ (ٹی وی) : عدنان صمد خان -عہدِ وفا

بہترین ڈراما : عہدِ وفا - مومنہ درید اور آئی ایس پی آر

بہترین ٹی وی ڈائریکٹر: فاروق رند-پیار کے صدقے

بہترین ٹی وی رائٹر عمیرہ احمد –الف

بہترین اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (ٹی وی) : عہدِ وفا کے نام کیا – راحت فتح علی خان

تبصرے (0) بند ہیں