اقتصادیات کا نوبیل انعام تین ماہرین کے نام

اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2021
انعام کا نصف حصہ کینیڈین جب کہ دوسرا نصف حصہ امریکی ماہرین میں تقسیم دیا جائے گا—فوٹو: نوبیل پرائز ٹوئٹر
انعام کا نصف حصہ کینیڈین جب کہ دوسرا نصف حصہ امریکی ماہرین میں تقسیم دیا جائے گا—فوٹو: نوبیل پرائز ٹوئٹر

اقتصادیات کے شعبے میں دنیا کا سب سے معتبر ایوارڈ دینے والی سویڈن کی مرکزی ’سیورجس رکس بینک‘ نے سال 2021 کا اقتصادیات کا نوبیل پرائز تین ماہرین کو دینے کا اعلان کردیا۔

نوبیل پرائز 6 مختلف کیٹیگریز میں دیا جاتا ہے، جس میں سے اقتصادیات کی کیٹیگری کا انعام کا اعلان سویڈن کی مرکزی بینک جب کہ امن کے انعام کا اعلان یورپی ملک ناروے کی کمیٹی کرتی ہے، باقی چاروں شعبوں کا اعلان نوبیل پرائز سویڈش اکیڈمی کرتی ہے۔

سال 2021 کا نوبیل انعام مجموعی طور پر تین معاشی و اقتصادی ماہرین کو دیا جائے گا، جس میں سے نصف انعام کینیڈا کے معاشی ماہر پروفیسر ڈیوڈ کارڈ کو ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادیات کا نوبیل انعام نیلامی کے طریقہ کار وضع کرنے والے ماہرین کے نام

جب کہ باقی نصف ایوارڈ امریکی ماہر پروفیسر جوشوا ڈی اینگرسٹ اور امریکی ماہر پروفیسر گیوڈو ڈبلیو ایمبینس کو دیا جائے گا۔

نوبیل پرائز ویب سائٹ کے مطابق ایوارڈ کا نصف حصہ لینے والے کینیڈین ماہر اقتصادیات کو لیبر اکنامکس میں خدمات سر انجام دینے جب کہ دونوں امریکی ماہرین کو کاروباری معاملات میں موازنے کے طریقہ کار متعارف کرائے جانے پر دیا جا رہا ہے۔

تینوں ماہرین کو رواں برس 10 دسمبر کو اسٹاک ہوم میں ہونے والی تقریب میں ایوارڈ سے نوازا جائے گا اور انعام کی نصف رقم کینیڈین جب کہ باقی نصف رقم دونوں امریکی ماہرین میں تقسیم کی جائے گی۔

گزشتہ برس کا اقتصادیات کا نوبیل انعام امریکی معاشی و اقتصادی ماہرین پروفیوسر پال ملگروم اور رابرٹ ولسن کو دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: فزکس کا نوبیل انعام تین ماہرین کے نام

نوبیل کمیٹی نے رواں سال کے انعامات کے اعلانات کا سلسلہ 4 اکتوبر کو شروع کیا تھا اور پہلے روز طب، دوسرے روز فزکس، تیسرے روز کیمسٹری، چوتھے روز ادب اور پانچویں روز امن کے انعامات کا اعلان کیا گیا تھا۔

فزکس کا انعام بھی تین سائنس دانوں کو دیا گیا تھا—فوٹو: نوبیل پرائز ٹوئٹر
فزکس کا انعام بھی تین سائنس دانوں کو دیا گیا تھا—فوٹو: نوبیل پرائز ٹوئٹر

اب کمیٹی نے آخری کیٹیگری اقتصادیات کے نوبیل انعام کا بھی اعلان کردیا، کمیٹی اقتصادیات سمیت مجموعی طور پر 6 کیٹیگریز میں انعامات دیتی ہے، یہ کمیٹی اقتصادیات کے علاوہ فزکس، طب، ادب، امن اور کیمسٹری کی کیٹیگری میں بھی انعام دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیمسٹری کا نوبیل انعام امریکی و جرمن سائنس دانوں کے نام

رواں سال کے تمام فاتحین کو 10 دسمبر کو ایوارڈز اور رقم دی جائے گی، ایوارڈز دینے کے لیے سویڈن اور ناروے میں دو مختلف تقاریب ہوں گی۔

سویڈن کے شہر اسٹاک میں ہونے والی تقریب میں طب، کیمسٹری، فزکس، ادب اور اقتصادیات کے نوبیل انعامات دیے جائیں گے جب کہ ناروے کے شہر اوسلو میں ہونے والی تقریب میں امن کا نوبیل انعام دیا جائے گا۔

کیمسٹری کا انعام دو سائنس دانوں کو دینےکا اعلان کیا گیا تھا—فوٹو: نوبیل پرائز ٹوئٹر
کیمسٹری کا انعام دو سائنس دانوں کو دینےکا اعلان کیا گیا تھا—فوٹو: نوبیل پرائز ٹوئٹر

تبصرے (0) بند ہیں