بیوی کی خواہش پر شوہر نے 360 ڈگری گھومنے والا گھر تعمیر کردیا

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2021
یہ گھر 6 سال میں مکمل ہوا — اے پی فوٹو
یہ گھر 6 سال میں مکمل ہوا — اے پی فوٹو

تصور کریں ایسے گھر کا جو مسلسل کسی لٹو کی طرح گھوم رہا ہو کیا آپ اس میں رہنا پسند کریں گے؟

اگر ہاں تو ایسا گھر بوسنیا کے ایک دیہی علاقے میں موجود ہے جو 360 ڈگری پر گھومتا رہتا ہے۔

شمالی بوسنیا کے قصبے سرباتس کے 72 سالہ رہائشی ووجن کیوسک نے ایسا انوکھا گھر اپنی بیوی کو خوش کرنے کے لیے تعمیر کیا۔

ان کی اہلیہ کی خواہش تھی کہ وہ اپنے آبائی گھر میں مختلف النوع مناظر کو دیکھ سکیں۔

اسی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ووجن کیوسک نے اس گھومتے گھر کو تعمیر کیا تاکہ ایک لمحے میں طلوع یا غروب ہوتے سورج اور دوسرے لمحے میں سڑک پر راہ گیروں کو دیکھا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ 'میں اپنی بیوی کی شکایات اور اپنے آبائی گھر کی بار بار تزئین و آرائش سے اکتا گیا تھا، تو میں نے اس سے کہا کہ میں ایک گھومنے والا گھر بناؤں گا جس کو جب تمہارا دل کرے گھما دینا'۔

اے پی فوٹو
اے پی فوٹو

ایک زرخیر زمین پر بنا یہ گھر مقامی افراد کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

ووجن کیوسک کے مطابق سست رفتاری سے یہ گھر 24 گھنٹے میں مکمل گھوم جاتا ہے اور تیز ترین گردش میں ایسا محض 22 سیکنڈ میں ہوجاتا ہے۔

انہوں نے شوخ سبز رنگ کا یہ گھر خود ڈیزائن کیا اور اس کی کنکریٹ کی بنیاد میں الیکٹرک موٹرز اور ایک پرانی فوجی گاڑی کے پہیوں کا اضافہ کیا جو 23 فٹ کے ایکسز پر گھوم سکیں۔

گھر کا بیرونی دروازہ بھی گھوم سکتا ہے اور اس گھر کی تعمیر 6 سال میں مکمل ہوئی۔

ووجن کیوسک ماضی میں بھی گھر تعمیر کرچکے ہیں جب ان کی شادی ہوئی تھی تو انہوں نے ایک روایتی مکان تیار کیا تھا جو اپنی جگہ سے ہلتا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی تنوع نہیں بلکہ اس کے لیے بس عزم اور علم کی ضرورت تھی اور میرے پاس اتنا وقت اور علم تھا اور میں نے اسے مکمل طور پر خود تعمیر کیا۔

ان کے بقول یہ گھر زلزلہ پروف بھی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں