2 مختلف کووڈ 19 ویکسینز کا امتزاج محفوظ اور مؤثر قرار

13 اکتوبر 2021
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

2 مختلف کووڈ 19 ویکسینز کا امتزاج محفوظ اور مؤثر ہوتا ہے۔

یہ بات امریکا میں اس حوالے سے ہونے والی نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

دنیا کے کئی ممالک میں 2 مختلف ویکسینز کے استعمال کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے، جس میں ایک کمپنی کی ویکسین کی پہلی خوراک کے استعمال کے بعد دوسری قسم کی ویکسین دوسری خوراک کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔

نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کی اس تحقیق کے نتائج 13 اکتوبر کو جاری کیے گئے جو ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ایسے افراد جن کو جانسن اینڈ جانسن کی کووڈ ویکسین استعمال کرائی گئی ان میں بعد میں موڈرنا یا فائزر ویکسین کی ایک خوراک دینے سے زیادہ طاقتور اینٹی باڈی ردعمل پیدا ہوا۔

خیال رہے کہ جانسن اینڈ جانسن ویکسین سنگل ڈوز ویکسین ہے اور اس تحقیق میں موڈرنا یا فائزر کی ایم آر این اے ویکسینز کی خوراک کو بوسٹر ڈوز کے طور پر آزمایا گیا۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ جن افراد نے ابتدائی طور پر فائزر یا موڈرنا ویکسینز استعمال کی تھیں اور بعد میں ان میں سے کسی کمپنی کی ویکسین کو بوسٹر ڈوز کے طور پر استعمال کیا تو ان میں زیادہ ٹھوس مدافعتی ردعمل پیدا ہوا۔

اس تحقیق میں 458 رضاکاروں کو شامل کیا گیا تھا اور ان میں اضافی خوراک کے استعمال کے 2 اور 4 ہفتوں بعد اینٹی باڈی کی سطح کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

ان رضاکاروں کو یہ اضافی خوراک ابتدائی ویکسینیشن کے 4 سے 6 ہفتوں بعد استعمال کرائی گئی تھی۔

ان افراد کو ابتدائی ویکسینیشن کی بنیاد پر مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا اور ان کو فائزر، موڈرنا یا جانسن اینڈ جانسن ویکسین بوسٹر ڈوز کے طور پر استعمال کرائی گئی۔

مثال کے طور پر جن افراد نے ابتدائی ویکسینیشن میں فائزر کی 2 خوراکیں استعمال کی تھیں انہیں موڈرنا یا جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی ایک خوراک استعمال کرائی گئی۔

ایسا ہی دیگر ویکسینز استعمال کرنے والے رضاکاروں کے ساتھ بھی ہوا۔

اب یہ نتائج 15 اکتوبر کو فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی ایڈوائزری کمیٹی میں پیش کیے جائیں گے۔

اس کمیٹی میں موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن ویکسینز کے بوسٹر شاٹ کی منظوری کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جائیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں