مصر: فلم فیسٹیول ہال میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2021
کم از کم  8 افراد کو دھوئیں کی وجہ سے ہسپتال میں علاج  کی ضرورت پڑی—فوٹو: ال گونا فلم فیسٹیول
کم از کم 8 افراد کو دھوئیں کی وجہ سے ہسپتال میں علاج کی ضرورت پڑی—فوٹو: ال گونا فلم فیسٹیول

مصر میں ال گونا فلم فیسٹیول کے مرکزی ہال میں اچانک بھڑکنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔

ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق مصر کے فلم فیسٹیول میں آتشزدگی کے کچھ دیر بعد ہی واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونا شروع ہوگئی تھیں۔

فلم فیسٹیول کی انتظامییہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ال گونا فلم فیسٹیول منیجمنٹ نے ال گونا کانفرنس اینڈ کلچر سینٹر میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پانے کا اعلان کیا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ’آگ نے فیسٹیول کی افتتاحی سرگرمیوں کے لیے تیار کیے گئے ہال کے ایک چھوٹے سے حصے کو نقصان پہنچایا’۔

انتظامیہ نے کہا کہ ’آگ لگنے کے بعد ال گونا فلم فیسٹیول منیجمنٹ نے سول پروٹیکشن فورسز کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پانے کے لیے ال گونا فائر فائٹنگ فورسز کے تعاون سے فائر ٹرک بھیجے’۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فیسٹیول کی انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوری طور پر تفصیلی تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور شبہ ہے کہ کوئی شارٹ سرکٹ ہوا تھا۔

فیسٹیول انتظامیہ نے عربی زبان میں ایک ریکارڈنگ بھی ٹوئٹ کی جس میں فیسٹیول کی کمپنی اور اس کام ڈیولپمنٹ ہولڈنگ کے چیئر پرسن سمیع سویرس نے بھی مذکورہ بیان دہرایا۔

علاوہ ازیں بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ کم از کم 8 افراد کو دھوئیں کی وجہ سے ہسپتال میں علاج کی ضرورت پڑی۔

فلم فیسٹیول کا پانچواں ایڈیشن 14 سے 22 اکتوبر کے درمیان بحیرہ احمر کے ریزورٹ ٹاؤن ال گونا میں منعقد ہوگا۔

اس فلم فیسٹیول کی بنیاد 2017 میں ارب پتی مصری تاجر نجیب سویرس نے رکھی تھی اور یہ ال گونا ریزورٹ میں منعقد کیا جاتا ہے، جو ان کے بھائی سمیع کی ملکیت ہے۔

یہ مصر کی فلم انڈسٹری کا سب سے گلیمرس اور پر وقار ایونٹ ہے جس میں 22 اکتوبر تک 80 عرب اور بین الاقوامی فلموں کی نمائش کی جائے گی۔

فیسٹیول میں نمائش کے لیے منتخب ہونے والی بین الاقوامی فلموں میں اسٹیفن بریز کی ’این ادر ورلڈ’، آڈری دیوان کی ’ہیپننگ’، مائیکل فرانکو کی’سن ڈاؤن’، تیمو نکی کی ’دی بلائنڈ ہو ڈڈ ناٹ وانٹ ٹو سی ٹائٹینک’، جوہو کوسمینن کی ’کمپارٹمنٹ نمبر 6’، ژانگ یمو کی ’ایک سیکنڈ’، انتونیتا الامات کوسیجانووک کی ’مرینا’، ڈینس نیگی کی ’نیچرل لائٹ’ اور ماریہ شراڈر کی ’آئی ایم یور مین’ شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں