تائیوان میں دہائیوں پرانی خستہ حال عمارت میں آتشزدگی، 46 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2021
رات تین بجے لگنے والی اس آگ کو بجھانے میں 4 گھنٹے لگ گئے اور صبح 7 بجے عملہ آگ بجھانے میں کامیاب ہوا — فوٹو: رائٹرز
رات تین بجے لگنے والی اس آگ کو بجھانے میں 4 گھنٹے لگ گئے اور صبح 7 بجے عملہ آگ بجھانے میں کامیاب ہوا — فوٹو: رائٹرز

تائیوان کے ساحلی شہر کاؤ سونگ میں کئی دہائیوں پرانی خستہ حال تجارتی و رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں 46 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق پڑوس میں رہنے والے افراد کے مطابق 13 منزلہ عمارت میں بہت سے غریب، بوڑھے اور معذور افراد رہتے تھے البتہ یہ واضح نہیں ہے کہ اس عمارت کے 120 مکانات میں سے کتنے آباد تھے۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش: فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم 52 افراد ہلاک

عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کو رات گئے 3 بجے کے قریب اس وقت دھماکے کی آواز سنی گئی جب عمارت کی نچلی منزلوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں مووی تھیٹر، ریسٹورنٹ اور کراوکے کلب موجود تھے۔

چی ینگ نے کہا کہ وہ گھر کے باہر ایمبولینسوں اور فائر بریگیڈ کے ٹرکوں کی آوازوں سے جاگیں اور انہیں لگا کہ ان کے گھر میں بھی آگ لگ جائے گی۔

یہ اپارٹمنٹ 28 لاکھ آبادی کے شہر کاؤ سوئنگ کے ضلع یانچینگ میں قائم بہت سی عمارتوں میں سے ایک ہے۔

شہر کے میئر چین چی مائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور کہا کہ میں بے مثال خاندانوں کے لیے شدید دکھ و درد محسوس کررہا ہوں اور میں اس کے لیے خود کو ذمے دار سمجھتا ہوں، میں تمام ہلاک اور زخمی ہونے والوں اور ان کے اہلخانہ سے مکمل ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش: عمارت میں آتشزدگی سے 19 افراد ہلاک

رات تین بجے لگنے والی اس آگ کو بجھانے میں 4 گھنٹے لگ گئے اور صبح 7 بجے عملہ آگ بجھانے میں کامیاب ہوا جس میں یہ پتا چلا کہ بالائی منزلوں کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔

جمعرات کو امدادی کارکن دن بھر لاشیں نکالتے رہے، زخمیوں میں سے 14 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن بعد میں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش: کیمیائی گودام میں آتشزدگی، 69 افراد ہلاک

یونائیٹڈ ڈیلی نیوز نے بتایا کہ واقعے کی تفتیش کرنے والوں کی توجہ کا محور پہلی منزل پر موجود چائے کی دکان ہے جہاں آگ لگی تھی جبکہ پولیس ایک رہائشی مقام کی بھی تلاشی لے رہی ہے جہاں پر رہنے والے کی اپنی گرل فرینڈ سے لڑائی ہوئی تھی۔

تفتیش کرنے والوں کا کہنا تھا کہ اس بات کو نطرانداز نہیں کیا جاسکتا کہ ہو سکتا کہ لڑنے والے شخص نے اپنی گرل فرینڈ کو آگ لگا دی ہو۔

تائیوان کے ایک بڑے اخبار یونائیٹڈ ڈیلی نیوز نے رپورٹ کیا کہ آگ بجھانے والے آلات پچھلے مہینے نصب کیے گئے تھے لیکن یہ ہر منزل پر تین نصب کیے گئے تھے کیونکہ رہائشی افراد زیادہ قیمت ادا کرنے کے متحمل نہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش: مسجد میں 'گیس' بھر جانے سے دھماکا، 16 افراد جاں بحق

1995 میں تائیوان کے تیسرے بڑے شہر تائچونگ میں ایک نائٹ کلب میں لگنے والی آگ ماضی قریب میں اس طرح کا پیش آنے والا بدترین واقعہ ہے جہاں مذکورہ حادثے میں 64 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں