سام سنگ گلیکسی ایس 21 ایف ای 11 جنوری کو متعارف کرائے جانے کا امکان

17 اکتوبر 2021
گلیکسی ایس 21 ایف ای کا ممکنہ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
گلیکسی ایس 21 ایف ای کا ممکنہ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

پہلے خیال کیا جارہا تھا کہ اگست میں سام سنگ کے ایونٹ میں گلیکسی ایس 21 ایف ای (فین ایڈیشن) متعارف کرایا جاسکتا ہے، مگر ایسا نہیں ہوا۔

جنوبی کورین کمپنی نے ابھی تک نہیں بتایا کہ گلیکسی ایس 21 سیریز کا یہ کم قیمت فلیگ شپ فون کم تک متعارف کرایا جائے گا۔

مگر اب ایک نئی لیک میں عندیہ دیا گیا ہے کہ سام سنگ کی جانب سے ایس 21 ایف ای کو 2022 کے آغاز میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

اس فون کو متعارف کرانے کے حوالے سے اب تک کئی تاریخیں سامنے آئیں مگر چپس کی قلت کے باعث لانچ کو التوا کرنا پڑا۔

مختلف ذرائع سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گلیکسی ایس 21 ایف ای کو جنوری 2022 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

ایک لیک کے مطابق یہ کم قیمت فلیگ شپ فون 11 جنوری کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

اگر سام سنگ کی جانب سے ایسا کیا جاتا ہے تو گلیکسی ایس 22 سیریز کو جنوری کی بجائے فروری میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گلیکسی ایس 21 کو سام سنگ کی جانب سے جنوری 2021 کے مہینے میں پیش کیا گیا تھا اور ایسا پہلی بار ہوا تھا ورنہ گلیکسی ایس سیریز کے فونز فروری میں متعارف کرائے جاتے ہیں۔

فیس ایڈیشن میں وہی فللیگ شپ فیچرز موجود ہوں گے جو گلیکسی ایس 21 میں ہیں مگر قیمت نمایاں حد تک کم ہوگی۔

ایس 21 ایف ای 2 ورژنز یا یوں کہہ لیں 2 مختلف پراسیسر ایکسینوس اور اسنیپ ڈراگون کے ساتھ دستیاب ہوگا۔

ایک ورژن میں سام سنگ کا اپنا تیار کردہ ایکسینوس 2100 جبکہ دوسرے میں اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر ہوسکتا ہے۔

اس فون میں الٹرا سونک فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہوگا، واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنس، ہائی ریفریش ریٹ اسکرین، وائرلیس چارجنگ، سام سنگ پے، وائرلیس ڈیکس اور ڈولبی ایٹموس جیسے بھی فیچرز بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن ہوں گے۔

اسٹوریج میں اضافے کے لیے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ بھی دی جائے گی۔

4500 ایم اے ایچ بیٹری 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی جائے گی مگر فون کے ساتھ چارجر نہیں ہوگا جبکہ ہیڈفون جیک بھی نہیں دیا جائے گا۔

فون کے بیک پر 3 جبکہ فرنٹ پر ایک کیمرا ہوگا۔

خیال رہے کہ سام سنگ نے 2020 میں پہلی بار ایس سیریز کا کم قیمت ورژن ایس 20 ایف ای کی شکل میں متعارف کرایا تھا جو بہترین فیچرز اور مناسب قیمت کے باعث بہت مقبول بھی ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں