آرمی چیف سے امریکی ناظم الامورکی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2021
آرمی چیف نے امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا—فائل/اسکرین شاٹ
آرمی چیف نے امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا—فائل/اسکرین شاٹ

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے ملاقات کی اور اس دوران مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور افغانستان کی صورت حال پر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' سے جاری بیان کے مطابق ‘امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی صورت حال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا’۔

مزید پڑھیں: امریکی سفیر کی علیحدہ ملاقاتوں سے مسلم لیگ (ن) میں تقسیم کی قیاس آرائیاں

آئی ایس پی آر کے مطابق ‘چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعاون اور پائیدار تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے درکار عالمی امداد اور افغانستان کے عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اتفاق رائے پر زور دیا’۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکی ناظم الامور نے افغانستان کی صورت حال، خطے کے استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

انجیلا ایگلر نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعلقات میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا۔

مشیر قومی سلامتی سے ملاقات

امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے قومی سلامتی کے مشیر معیدیوسف سے بھی ملاقات کی اور اس دوران افغانستان اور پاک-امریکا دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کے مشیر نے افغانستان میں خراب ہوتی معاشی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

دونوں ممالک نے افغانستان کے معاملے پر مل کر آگے چلنے کا عزم کیا جبکہ امریکی ناظم الامور نے امریکی انخلا سے متعلق پاکستان کی مدد اور کوششوں کو سراہا۔

خیال رہے کہ امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے 3 روز قبل لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں۔

امریکی ایلچی نے مریم نواز کے ساتھ جاتی امرا میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی، مریم نواز کے ہمراہ موجود پارٹی رہنماؤں میں سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی، سیکریٹری جنرل احسن اقبال، سینئر رہنما پرویز رشید، سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب، خرم دستگیر اور طارق فاطمی شامل تھے۔

جس کے بعد امریکی ایلچی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ان کی ماڈل ٹاؤن میں قائم رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر حملہ: امریکی سفیر نے دفتر خارجہ کو اپنی حکومت کا ’اہم پیغام‘ پہنچا دیا

دونوں ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی، افغانستان کی صورتحال، خواتین اور بچوں کے حقوق، صحت اور تعلیم اور دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے رابطے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق امریکی سفیر نے شہباز شریف کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب سر انجام دی گئی ان کی خدمات کو سراہا۔

دوسری جانب مریم نواز نے اپنے والد کی جانب سے امریکی صدر جو بائیڈن کو ان کی انتخابی فتح پر مبارک باد اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں