بھارتی پروپیگنڈے کا مقصد کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشت گردی کا نام دے کر بدنام کرنا ہے، دفتر خارجہ

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2021
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل ماورائے عدالت قتل کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی— فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل ماورائے عدالت قتل کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی— فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کی کارروائیوں میں ماورائے عدالت قتل اور انسانیت سوز جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد حق خود ارادیت کی جدوجہد کو دہشت گردی کا نام دے کر بدنام کرنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے پیر کو بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل ماورائے عدالت قتل کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی میں اضافہ، حملے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں سیکیورٹی اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال عالمی برادری کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔

یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب مقبوضہ کشمیر میں حالیہ ہفتوں کے دوران تشدد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور عام شہریوں پر حملوں اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے نتیجے میں اکتوبر کے اوائل سے اب تک وہاں 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بیان میں پاکستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے جعلی مقابلوں، مسلسل فوجی محاصرے، گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں ماورائے عدالت قتل اور انسانیت کے خلاف جرائم کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم بھارت کے جاری پروپیگنڈے کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے مقامی اور جائز جدوجہد کودہشت گردی کا نام دے کر بدنام کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سے جھڑپ میں حزب المجاہدین کا کمانڈر جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کو کشمیر کی آزادی تحریک کو کمزور کرنے کے لیے جھوٹے فلیگ آپریشن کے حوالے سے بھارت کے ٹریک ریکارڈ کے بارے میں خبردار کرتا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے کر کشمیری مسلمانوں کو بدنام کرنے کی آر ایس ایس اور بی جے پی کی مشترکہ سازش کی بھی مذمت کرتے ہیں۔

پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو بند کر کے کشمیریوں کے خلاف پراپیگنڈے سے گریز کرے، مقبوضہ وادی میں فوجی محاصرہ ختم کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مختلف قراردادوں کے تحت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت کا حق استعمال کرنے دے۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور وحشیانہ فوجی محاصرہ حق خود ارادیت کے لیے لڑنے والے کشمیری عوام کے عزائم کو کمزور نہیں کر سکتی اور پاکستان ان کے منصفانہ مقصد کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی کارروائی، 3 نوجوان جاں بحق

حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں قتل کی تازہ لہر میں اقلیتی ہندوؤں اور سکھ برادری کے افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے اور اس کے جواب میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے دو ہفتوں میں وادی بھر میں متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے 13 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں