ٹی20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز 55 رنزپر ڈھیر، انگلینڈ 6 وکٹوں سے کامیاب

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2021
عادل رشید نے دو رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی
عادل رشید نے دو رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2021 کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 55 رنز پر ڈھیر کر کے باآسانی 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

میچ کے دوسرے ہی اوور میں کرس ووکس نے ایون لوئس کو چلتا کردیا جبکہ اگلے ہی اوور میں معین علی نے لینڈل سمنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کرس گیل اور شیمرون ہٹمائر نے نے 18 رنز جوڑ کر اسکور کو 27 تک پہنچایا ہی تھا کہ معین نے ہٹمائر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ابھی ویسٹ انڈین ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ٹائمل ملز نے کرس گیل کی 13 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ڈیوین براوو نے چوکا لگا کر کرس جورڈن کا استقبال کیا لیکن پھر اگلی ہی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ نکولس پوران بھی صرف ایک بنا سکے۔

جارح مزاج آل راؤنڈر آندرے رسل بھی مشکل وقت میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور عادل رشید کی وکٹ بن گئے جبکہ چھکا مارنے کی کوشش میں پولارڈ بھی چلتے بنے اوبید میک کوئے کا بھی کام تمام ہو گیا۔

انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ لینے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 55 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 2 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جبکہ معین علی اور ٹائمل ملز نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے انگلینڈ کو 21 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد جیسن روئے 11 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

اسکور 30 تک پہنچا ہی تھا کہ جونی بیئراسٹو 9 رنز بنانے کے بعد عقیل حسین کو انہی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

معین علی صرف تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ لیام لیونگسٹن بھی عقیل کی دوسری وکٹ بن گئے۔

39 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے باوجود انگلینڈ کو ہدف تک رسائی میں کوئی مشکل پیش نہ آئی اور ٹیم نے نویں اوور کی دوسری گیند پر ہدف حاصل کر کے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

معین علی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے 17 رنز کے عوض دو ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ویسٹ انڈیز: کیرن پولارڈ، لینڈل سمنز، ایون لوئس، کرس گیل، شمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، ڈیوین براوو، عقین حسین، اوبید میک کوئے، روی رامپال۔

انگلینڈ: اوئن مورگن(کپتان)، جوز بٹلر، جیسن روئے، ڈیوڈ ملان، جونی بیئراسٹو، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید، ٹائمل ملز

تبصرے (0) بند ہیں