پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس وین پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس وین لکی مروت شہر سے چند کلومیٹر دور علاقے میں معمول کے گشت پر تھی کہ نامعلوم حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پولیس وین پر حملہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہوا جس کے نتیجے میں اے ایس آئی یعقوب خان، انعام، مستقیم اور ڈرائیور رحیم شہید ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: دو حملوں میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید

ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) شہزاد عمر نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، اس سلسلے میں مزید تفتیش اور حملہ آورروں کی تلاش جاری ہے۔

حملے کے بعد شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں قریبی ہسپتال لے جائی گئیں۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں ملک میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: ہنگو میں فوج کی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ، ایک سپاہی شہید

چند روز قبل خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کے دو مختلف واقعات میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

ایک دھماکے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے جن میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے جمشید اور مدثر جبکہ پولیس کانسٹیبلز نور رحمٰن اور صمد خان شامل تھے جبکہ دوسرے واقعے میں وزیرستان کی ایک چیک پوسٹ پر ہوئے حملے میں ایک فوجی شہید ہوا تھا۔

قبل ازیں قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ہنگو میں واقع چپری وزیران چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں ایک سپاہی شہید ہوا۔

20 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں فوجی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں