راہول ڈراوڈ بھارتی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

اپ ڈیٹ 04 نومبر 2021
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ڈراوڈ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران ہیڈ کوچ کا منصب سنبھالیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ڈراوڈ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران ہیڈ کوچ کا منصب سنبھالیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق عظیم بلے باز راہول ڈراوڈ کو بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔

’دی وال۔ کے نام سے مشہور بھارتی بلے باز نے 164 ٹیسٹ اور 344 ون ڈے میچز کھیلتے ہوئے دونوں فارمیٹس میں دس، دس ہزار سے زائد رنز بنائے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ کی حیثیت سے ٹیم کو بہترین باصلاحیت کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’غرور کا یہی انجام ہوتا ہے‘، انڈین پریمیئر لیگ پر پابندی کا مطالبہ

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سلکشانا نائیک اور آر پی سنگھ پر مشتمل کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے راہول ڈراوڈ کو بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ڈراوڈ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران ہیڈ کوچ کا منصب سنبھالیں گے۔

ڈراوڈ نے ٹیمک ی کوچنگ کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ روی شاستری کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میں ٹیم کو مزید آگے لے جانے کی کوشش کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں انڈر19 اور انڈیا اے کے ساتھ ساتھ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی اکثر لڑکوں کے ساتھ کام کر چکا ہوں، میں جانتا ہوں کہ ان میں روز کچھ نیا سیکھنے کی لگن موجود ہے۔

ماضی میں بھارتی انڈر19 ٹیم کی کوچنگ کرنے والے ڈراوڈ نے کہا کہ آئندہ دو سال میں چند بڑے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس ہیں اور میری کوشش ہو گی کہ ٹیم اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان ٹورنامنٹس میں بہترین کھیل پیش کرے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی معجزہ ہی بھارتی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا سکتا ہے، شاہد آفریدی

2017 کے وسط میں کوچنگ کا منصب سنبھالنے والے روی شاستری کے معاہدے کا ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد اختتام ہو رہا ہے اور انہوں نے مزید کوچنگ سے معذرت کر لی تھی۔

بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا کہ رویہ شاستری کی جگہ لینے کے لیے ڈراوڈ سے بہتر کوئی فرد نہیں، آئندہ دو سال میں اہم آئی سی سی ٹورنامنٹس ہیں لہٰذا ہم چاہتے ہیں کہ کوچنگ کی منتقلی کا یہ عمل بہترین طریقے سے مکمل ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق بھارتی کپتان ڈراوڈ تمام چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس منصب کے لیے مناسب شخصیت ہیں اور بی سی سی آئی دیگر کوچنگ عملے کا جلد تقرر کرے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں