کوئی معجزہ ہی بھارتی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا سکتا ہے، شاہد آفریدی

31 اکتوبر 2021
شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو اب کوئی معجزہ ہی سیمی فائنل میں پہنچا سکتاہے— فوٹو: اے ایف پی
شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو اب کوئی معجزہ ہی سیمی فائنل میں پہنچا سکتاہے— فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی ٹیم کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کہا ہے کہ اب کسی معجزے کی صورت میں ہی وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت کی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کا اب بھی معمولی چانس موجود ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت کے خلاف شاہین آفریدی جیسی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں، ٹرینٹ بولٹ

تاہم قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے اب کسی معجزے کی صورت میں ہی وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتے ہیں۔

پاکستان نے ورلڈ کپ میں اپنے افتتاحی میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی تھی اور آج بھارت کی ٹیم ایک ہفتے بعد کھیلے گئے اپنے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 8وکٹوں سے شکست سے دوچار ہوئی۔

بھارتی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 110 رنز بنا سکی اور نیوزی لینڈ نے باآسانی 8 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے دو قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لی۔

ایونٹ میں لگاتار دوسرے میچ میں شکست کے بعد ان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔

بھارت کس طرح سے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر سکتا ہے؟

بھارت کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے بقیہ میچوں میں فتح کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کی کارکردگی پر بھی انحصار کرنا ہو گا۔

اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم بقیہ تینوں میچوں میں فتح حاصل کرتی ہے تو ان کے پوائنٹس کی تعداد 6 ہو جائے گی لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے رن ریٹ کو بھی بہت بہتر بنانا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بابراعظم نے بھارت کے خلاف میچ کھیلا اس وقت ان کی والدہ ہسپتال میں تھیں‘

پاکستان کی ٹیم کی رسائی یقینی نظر آتی ہے کیونکہ ان کے بقیہ میچز اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا جیسے حریفوں سے ہیں۔

اب گروپ 2 میں نیوزی لینڈ کے ساتھ ساتھ افغانستان کی ٹیم کوالیفائی کر سکتی ہے کیونکہ ان کا رن ریٹ سب سے بہتر ہے۔

افغانستان کی ٹیم اگر بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب رہتی ہے تو وہ پاکستان کے ہمراہ کوالیفائی کر لے گی۔

تاہم اگر افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دیتی ہے تو بھی بھارت کو کوالیفائی کرنے کے لیے اپنا رن ریٹ بہتر بنانا ہو گا۔

مزید پڑھیں: کسی کو مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنانا بدترین انسانی عمل ہے، کوہلی

اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان کے ساتھ ساتھ نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو بھی مات دیتی ہے تو پاکستان کے ہمراہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی البتہ افغانستان سے شکست کی صورت میں صورتحال بہت دلچسپ ہو جائے گی۔

اگر افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دیتی ہے اور بھارت کی ٹیم افغانستان کو مات دیتی ہے تو گروپ میں تینوں ٹیموں کے پوائنٹس چھ ہو جائیں گے۔

اس صورت میں افغانستان، بھارت اور نیوزی لینڈ میں سے سب سے زیادہ رن رن ریٹ کی حامل ٹیم ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں