وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات کی ہندو برادری کو ’دیوالی‘ کی مبارک باد پیش

04 نومبر 2021
پاکستان کے ہندوؤں نے 4 نومبر کو دیوالی منائی—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے ہندوؤں نے 4 نومبر کو دیوالی منائی—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سمیت دنیا بھر کے ہندو مذہب کے پیروکاروں نے 4 نومبر کو کہلائے جانے دن ’دیوالی‘ کی تقریبات کا آغاز کیا، اس دن کو ’روشنیوں کا تہوار‘ بھی کہا جاتا ہے۔

دیوالی کی مرکزی تقریبات پہلے روز ہی ہوتی ہیں، تاہم اس کی تقریبات اور عبادات مجموعی طور پر پانچ دن تک جاری رہتی ہیں۔

دیوالی کا تہوار ہندوؤں کے بھگوان رام کے 14 سال جلاوطنی کے بعد گھر واپسی کے سلسلے میں منایا جاتا ہے، ہندوؤں میں اس تہوار کا سب سے زیادہ انتظار کیا جاتا ہے جو کہ برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت بھی ہے.

پانچ دنوں پر محیط اس تہوار میں ہندو برادری چراغاں کرنے اور عبادتوں میں مصروف رہنے کے ساتھ ساتھ اپنے گھروں کو نہایت خوبصورت انداز میں سجاتے ہیں۔

دن میں تمام تقریبات کا اختتام ہونے کے بعد لوگ شام کو ایک دوسرے کے گھروں میں مٹھائیوں اور تحفائف کے ساتھ جاتے اور ایک دوسرے کو اس تہوار کی مبارکباد دیتے ہیں.

اسی دن کی مناسبت سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سمیت اہم شوبز، اسپورٹس اور سیاسی شخصیات نے بھی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد بھی پیش کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں ملک کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔۔

عمراں خان کے ذاتی اکاؤنٹ کے علاوہ وزیر اعظم پاکستان کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی لوگوں کو دیوالی کی مبارک باد دی گئی۔

علاوہ ازیں حکومت پاکستان کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کی ہندو برادری کو مبارک باد پیش کی گئی۔

انسانی حقوق کی وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے بھی دیوالی کے موقع پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ہندو برادری کو مبارک دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے بھی ہندو برادری کو مبارک باد پیش کی گئی اور ساتھ ہی انہوں نے دیوالی کے دن کی مناسبت سے پیغام بھی جاری کیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی دیوالی کےموقع پر ہندو برادری کو مبارک باد پیش کی۔

ساتھ ہی انہوں نے دنیا بھر کے ہندو افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

فاطمہ بھٹو نے بھی دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارک باد پیش کی۔

سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی ہندو برادری کو روشنیوں کے تہوار کی مبارک باد دی۔

اداکارہ ارمینا خان نے بھی دنیا بھر میں دیوالی منانے والے افراد کو دن کی مبارک باد پیش کی۔

اداکار خالد عثمان بٹ نے بھی پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک دی۔

فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی نے بھی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ہندو برادری کو دیوالی کے موقع پر خوشیوں بھرا پیغام دیا۔

فیشن ہاؤس عمر سعید کوچر کی جانب سے بھی مداحوں سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد پیش کی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں