ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دسمبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق

04 نومبر 2021
رمیز راجا نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ہمیشہ سے پاکستانی مداحوں کی پسندیدہ ٹیم رہی ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی
رمیز راجا نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ہمیشہ سے پاکستانی مداحوں کی پسندیدہ ٹیم رہی ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی دسمبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی اور 3 ایک روزہ میچز کھیلنے دسمبر میں پاکستان پہنچے گی۔

یہ تمام میچز 13 سے 22 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ ستمبر، اکتوبر میں ہوم سیریز کی منسوخی کے بعد اب دسمبر میں ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان ملک میں موجود مداحوں کو سنسنی خیز اور پرجوش کرکٹ کے مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ہمیشہ سے پاکستانی مداحوں کی پسندیدہ ٹیم رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز سیریز سے قبل 3 خواتین کرکٹرز کورونا کا شکار ہوگئیں

رمیز راجا نے امید ظاہر کی کہ این سی او سی سیریز کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے گی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آخری بار اپریل 2018 میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے پاکستان آئی تھی، جبکہ مہمان ٹیم نے آخری بار 2006 میں پاکستان کی سرزمین پر کوئی ایک روزہ سیریز کھیلی تھی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ویمنز کرکٹ ٹیم یکم نومبر کو کراچی پہنچی تھی اور 8، 11 اور 14 نومبر کو 3 ایک روزہ میچز کھیلے گی۔

شیڈول

  • 9 دسمبر: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد
  • 13 دسمبر: پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ
  • 14 دسمبر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ
  • 16 دسمبر: تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ
  • 18 دسمبر: پہلا ایک روزہ میچ
  • 20 دسمبر: دوسرا ایک روزہ میچ
  • 22 دسمبر: تیسرا ایک روزہ میچ
  • 23 دسمبر: مہمان ٹیم کی واپس روانگی

تبصرے (0) بند ہیں