• KHI: Fajr 5:42am Sunrise 7:03am
  • LHR: Fajr 5:22am Sunrise 6:48am
  • ISB: Fajr 5:30am Sunrise 6:59am
  • KHI: Fajr 5:42am Sunrise 7:03am
  • LHR: Fajr 5:22am Sunrise 6:48am
  • ISB: Fajr 5:30am Sunrise 6:59am

پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ گھبرانے والے نہیں ہیں، شاہ محمود قریشی

شائع November 7, 2021
وزیرخارجہ نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کی—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
وزیرخارجہ نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کی—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بیرونی ایجنڈے پر کام کررہی ہے، لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔

سرکاری خبرایجنسی ‘اے پی پی’ کی رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں اپنے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم بیرونی ایجنڈے پر کام کررہی ہے، پی ڈی ایم کی جماعتیں فیڈریشن مخالف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘کورونا میں مہنگائی کا معاملہ پاکستان نے دیگر ممالک سے بہتر انداز میں سنبھالا‘

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا نہ تو کوئی نظریہ ہے اور نہ کوئی ایجنڈا ہے، لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ گھبرانے والے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم احتجاج اور مارچ کا شوق پورا کرے، ماضی کی تحریکوں کی طرح اس دفعہ بھی پی ڈی ایم کو مایوسی ہوگی اور حکومت گرانے کی خواہش محض خواہش ہی رہے گی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) واحد سیاسی جماعت ہے جو وفاق کی حامی اور قومی سیاسی جماعت ہے، جس کا ایجنڈا قومی اور جس کی جڑیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرےگی، اسمبلی سے باہر بیٹھنے والے وقت کا انتظار کریں کیونکہ 2023کے انتخابات میں بھی پی ٹی آئی اقتدار میں آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ملک کی کمزور معیشت ورثے میں ملی، اقتدار ملا تو خزانہ خالی اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا اور ملک کو اندرونی اور بیرونی سطح پر بحرانوں کا سامنا تھا۔

مزیدپڑھیں: 'ایک دن ریلیف پیکج دیتے ہیں دوسرے دن بم گرا دیتے ہیں'

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اب بھی ہمارے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں، جن کا ہم نے مقابلہ کرنا ہے، مہنگائی بھی ہمارے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے،کورونا کے بعد پوری دنیا اس وقت مشکلات میں ہے، سب کو مہنگائی کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، صرف پاکستان میں اس کا تاثر دینا غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور اشیائے خوردونوش کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان میں بھی ہوا ہے۔

مہنگائی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری پہلی ترجیح عوام کو عالمی سطح پر مہنگائی کے رجحان کے اثرات سے بچانا ہے اور اس کے لیےحکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم موجودہ حالات سے ہرگز مایوس نہیں بلکہ مشکل کی گھڑی سے تقویت لے کر سر خرو ہوں گے، حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود مثبت پیش رفت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی الیکشن کا وقت نہیں، نہ الیکشن کی تیاریاں شروع ہیں۔

مزیدپڑھیں: وزیر اعظم کا 2 کروڑ خاندانوں کیلئے 120 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ پاکستان کا ہر شہری سر اٹھا کر چلے، وہ پاکستان کے نوجوانوں کو ایک اچھا مستقبل فراہم کرنا چاہتے ہیں، ان کی خواہش ہے پاکستان کا ہر شہری برسرروزگار ہو اور خود کما کر اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت کرے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 23 ارب روپے مالیت کے قرضے نوجوانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں، اس کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں ایک اچھا مستقبل فراہم کرنا ہے۔

حکومتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت احساس پروگرام کے ذریعے عوام کو اربوں روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ایک محتاط اندازے کے مطابق دو کروڑ سے زائد افراد اس پیکیج سے مستفید ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2024
کارٹون : 4 دسمبر 2024