کترینہ کیف ایک ماہ کے اندر پیا گھر سدھار جائیں گی، بھارتی میڈیا

11 نومبر 2021
تاحال کترینہ کیف اور وکی کوشل نے خود کوئی بیان جاری نہیں کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
تاحال کترینہ کیف اور وکی کوشل نے خود کوئی بیان جاری نہیں کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ بولی وڈ باربی ڈال کترینہ کیف اگلے ایک ماہ کے اندر پیا گھر سدھار جائیں گی۔

بھارتی میڈیا گزشتہ دو ماہ سے ذرائع سے رپورٹس میں دعویٰ کر رہا ہے کہ کترینہ کیف ساتھی اداکار وکی کوشل کے ساتھ شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں، تاہم شادی کے انتظامات انتہائی رازداری سے کیے جا رہے ہیں۔

اب ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے ایک بار پھر ذرائع سے رپورٹ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کترینہ کیف آئندہ ماہ دسمبر کے آغاز تک پیا گھر سدھار جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کترینہ کیف اور وِکی کوشل دسمبر میں شادی کریں گے؟

رپورٹ کے مطابق کترینہ کیف اور وکی کوشل نے شادی کے معاملات کو تاحال خفیہ رکھا ہے اور اب تک کسی بھی شخص یا رشتے دار کو شادی کی دعوت نہیں دی گئی۔

دونوں سادگی سے شادی کریں گے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
دونوں سادگی سے شادی کریں گے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں اداکاروں نے متعدد فلمز سائن کر رکھے ہیں، اس لیے دونوں سادگی کے ساتھ شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اسی وجہ سے ہی انہوں نے تاحال دعوت نامے عام نہیں کیے۔

اخبار کے مطابق دونوں کی شادی کی تقریبات سادگی کے ساتھ ادا کی جائیں گی اور ممکنہ طور پر شادی کی مرکزی رسومات کترینہ کیف کی جانب سے حال ہی میں کرائے پر لیے گئے پرتعیش فلیٹ میں ادا کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: کترینہ کیف اور وکی کوشل کی ’روکا‘ کی رسم ادا، بھارتی میڈیا

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دونوں نے متعدد فلمز سائن کر رکھے ہیں، جن کی شوٹنگ جاری ہے، اس لیے دونوں نے ہنی مون کا فوری پروگرام ملتوی کرکے شادی کے فوری بعد شوٹنگ پر جانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

شادی کے فوری بعد کترینہ کیف بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کے ساتھ آنے والی فلم ’ٹائیگر تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہوجائیں گی۔

گزشتہ ہفتے کترینہ کیف نے اپنی شادی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
گزشتہ ہفتے کترینہ کیف نے اپنی شادی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ٹائمز آف انڈیا نے اس سے پہلے بھی اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ کترینہ کیف دسمبر 2021 کے آغاز تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی، تاہم ایسی خبروں کے بعد اداکارہ نے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔

مگر حال ہی میں بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی ’روکا‘ کی رسم ادا ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: کس نے کہا میں شادی کر رہی ہوں؟ کترینہ کیف

روکا‘ کی رسم ہندو مذہب کے پیروکار شادی سے قبل ادا کرتے ہیں، مذکورہ رسم کو بعض افراد رسمی منگنی کا نام بھی دیتے ہیں۔

تاہم زیادہ تر افراد ’روکا‘ کی رسم کو شادی کے لیے دولہا اور دلہن سمیت ان کے اہل خانہ کی باہمی رضامندی کے لیے ہونے والی ملاقات کو کہتے ہیں۔

بھارتی میڈیا نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی ’روکا’ کی رسم فلم ساز کبیر خان کے گھر پر ہوئی، جہاں دونوں کے اہل خانہ اور قریبی افراد نے شرکت کی، تاہم اس حوالے سے بھی جوڑے نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

دونوں نے کبھی ایک دوسرے سے کھل کر محبت کا اظہار بھی نہیں کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے کبھی ایک دوسرے سے کھل کر محبت کا اظہار بھی نہیں کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں