پاکستان نے بھارتی سکھ یاتریوں کیلئے 3 ہزار ویزے جاری کر دیے

اپ ڈیٹ 13 نومبر 2021
سکھ یاتریوں کو یہ ویزے مذہبی مقامات کے دوروں کے لیے 1974 کے پاکستان ۔ بھارت پروٹوکولز کے تحت جاری کیے گئے ہیں — فائل فوٹو / اے ایف پی
سکھ یاتریوں کو یہ ویزے مذہبی مقامات کے دوروں کے لیے 1974 کے پاکستان ۔ بھارت پروٹوکولز کے تحت جاری کیے گئے ہیں — فائل فوٹو / اے ایف پی

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستان میں 17 سے 26 نومبر تک گرو نانک کے 552ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کے لیے تقریباً 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہائی کمیشن سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سکھ یاتری، پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ننکانہ صاحب میں گوردوارا جنم آستھان اور کرتارپور میں گوردوارا دربار صاحب سمیت مختلف گوردوارے جاسکیں گے۔

سکھ یاتریوں کو یہ ویزے مذہبی مقامات کے دوروں کے لیے 1974 کے پاکستان ۔ بھارت پروٹوکولز کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیساکھی میلے میں شرکت کیلئے 1100 سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزے جاری

بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں مقیم ہزاروں سکھ یاتری بھی گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے سکھ یاتریوں سہولت فراہم کرنے کے لیے نومبر 2019 میں گرو نانک کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر ویزا فری کرتارپور صاحب کوریڈور کے تاریخی افتتاح سمیت متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔

نیا تعمیر شدہ گوردوارا کرتارپور صاحب کمپلیکس پاکستان کے عوام اور اس کی قیادت کی طرف سے بھارت اور دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے تحفہ ہے۔

بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے سکھ مذہب کے بانی کے 552ویں جنم دن کی تقریبات کے موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد پیش کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے بھارتی ہندو یاتریوں کے لیے ویزے جاری کردیے

ہائی کمیشن نے اس موقع پر پاکستان آنے والے زائرین کے لیے روحانی طور پر فائدہ مند یاترا کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

یاتریوں کے ویزوں کا زیادہ سے زیادہ تعداد میں اجرا پاکستان میں مذہبی مقامات کی یاترا کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی کوششوں کے عین مطابق ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں