ہدایت کار ندیم بیگ کے آنے والے میگا کاسٹ تھرلر ڈرامے ’صنف آہن‘ میں اداکارہ سجل علی کے کردار کا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں انہیں ایک عام لڑکی سے فوجی افسر بنتے دکھایا گیا ہے۔

سجل علی ’صنف آہن‘ میں ’رابعہ سفیر‘ نامی فوجی افسر کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو آرمی کا حصہ بننے سے قبل عام لڑکی ہوتی ہیں۔

ٹیزر میں عثمان مختار کا کردار بھی دکھایا گیا ہے جو کہ ڈرامے میں ’کیپٹن دانیال‘ کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

مختصر دورانیے کے ٹیزر میں گلوکار عاصم اظہر کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو کہ سجل علی سے کسی شاپنگ مال میں ٹکراتے ہیں اور انہیں دیکھتے ہی رہ جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’صنف آہن‘ کے ٹیزر نے شائقین کے دل جیت لیے

ٹیزر میں عثمان مختار کو سجل علی کے خاندان کا حصہ دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ سجل علی کے والدین ان کے فوج میں شمولیت کے فیصلے سے خوش نہیں ہوتے جب کہ باقی لوگ بھی انہیں کہتے سنائی دیتے ہیں کہ فوج میں شامل ہونا مشکل کام ہے اور وہ اس کا حصہ نہیں بن پائیں گی۔

ٹیزر میں سجل علی کو فوج میں شامل ہوتے اور تربیت لیتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے جب کہ انہیں ٹریننگ کے دوران بے ہوش ہوتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں سجل علی کو والدین سمیت دیگر افراد سے لڑتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے کہ جب عام تعلیم یافتہ لڑکیاں اچھی اچھی نوکری کر سکتی ہیں تو وہ گولڈ میڈلسٹ ہونے کے ناتے فوج میں کیوں نہیں جا سکتیں؟

مزید پڑھیں: سجل علی، یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ و رمشا خان کا ڈراما ’صنف آہن‘

مختصر دورانیے کے ٹیزر میں سجل علی کو کامیابی سے فوج کی تربیت حاصل کرنے کے بعد افسر کے روپ میں بھی دکھایا گیا ہے جب کہ انہیں گولیاں چلاتے اور مشکل ایکسرسائیز کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

سجل علی کے کردار کے ٹیزر سے قبل 11 نومبر کو ڈرامے کا پہلا موشن ٹیزر جاری کیا گیا تھا، جس میں سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان کے کرداروں کو دکھایا گیا تھا۔

جاری کیے گئے ٹیزر میں دکھایا گیا تھا کہ عام گھرانوں کی لڑکیاں کس طرح پاک فوج کا حصہ بن کر ’صنف نازک سے صنف آہن‘ کا سفر طے کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں؛ 'صنفِ آہن' میں کبریٰ خان اور سجل علی کے کرداروں کی جھلک سامنے آگئی

سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان کے علاوہ ’صنف آہن‘ کی مزید کاسٹ میں عثمان مختار، میرب علی، عاصم اظہر اور سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔

ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے اور اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ سعید ثنا شاہنواز نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ ڈرامے کو بنانے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی تعاون کیا ہے۔

ڈرامے کو جلد اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں