ویسے تو ایک آئی فون کی قیمت ڈیڑھ ہزار ڈالرز (سب سے مہنگے ورژن کی) سے کم ہی ہوتی ہے مگر 2017 کے آئی فون ایکس نے سب سے مہنگے ایپل فون کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

بس اس میں خاص بات یہ ہے کہ یہ دنیا کا پہلا ایسا آئی فون ہے جس میں لائٹننگ پورٹ کی بجائے چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ موجود ہے۔

ایک روبوٹک انجنیئرنگ کے طالبعلم کین پیلونی نے اس آئی فون ایکس کی روایتی چارجنگ پورٹ کو یو ایس بی سی پورٹ سے بدل دیا ہے۔

اس پورٹ کو چارجنگ اور ڈیٹا ٹرانسفر دونوں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس موڈیفائی آئی فون ایکس کو اشیا فروخت کرنے والی سائٹ ای بے پر 86 ہزار ایک ڈالرز (ڈیڑھ کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں نیلام کیا گیا ہے۔

مگر کین پیلونی نے اسے خریدنے والے کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسے 'تاریخ ساز ڈیوائس' کو کسی عام فون کی طرح استعمال نہ کریں یعنی آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ نہ کریں، ورنہ پورٹ بیکار ہونے کا خطرہ ہوسکتا ہے۔

اوریجنل آئی فون ایکس کی قیمت 999 ڈالرز سے شروع ہوئی تھی تو یہ موڈیفائی ماڈل 80 گنا سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوا ہے۔

اگرچہ کین پیلونی نے آئی فون میں اس تبدیلی کی تمام تر تفصیلات اوپن سورس پراجیکٹ کے طور پر Github میں دی ہیں مگر لائٹننگ پورٹ کو یو ایس بی سی پورٹ سے بدلنا کوئی آسان کام نہیں۔

اس فون کی نیلامی ایک ڈالر سے شروع ہوئی تھی اور پہلے دن کے اختتام تک 3 ہزار ڈالرز تک پہنچ گئی تھی۔

اس کے بعد اس میں ہزاروں ڈالرز کا اضافہ ہوا اور ایک لاکھ ڈالرز کی پیشکش بھی ہوئی مگر وہ نیلامی کا وقت ختم ہونے سے قبل واپس لے لی گئی۔

اب یہ پروٹوٹائپ آئی فون فروخت ہوچکا ہے مگر وہ طالبعلم اس کام کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ یو ایس سی سے آئی فونز میں فاسٹ چارجنگ، واٹر پروفنگ اور دیگر کو بہتر بناسکے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں