بچوں کو غیر اخلاقی تصاویر سے بچانے کے لیے آئی فونز میں نئے فیچر کا اضافہ

11 نومبر 2021
اس فیچر کا اعلان اگست میں کیا گیا تھا — فوٹو بشکریہ ایپل
اس فیچر کا اعلان اگست میں کیا گیا تھا — فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل نے آئی فونز میں بچوں کے تحفظ کے لیے غیر اخلاقی تصاویر کی روک تھام کے ایک فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے۔

میک ریومرز کی رپورٹ کے مطابق آئی او ایس 15.2 کے نئے بیٹا ورژن میں میسجز ایپ کے لیے ایپل کمیونیکشن سیفٹی فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ فیچر صارفین کو خود ان ایبل کرنا ہوگا جس کا مقصد بچوں کو غیر اخلاقی تصاویر تک رسائی سے روکنا ہے اور اس مقصد کے لیے سسٹم بھیجی جانے والی اور موصول ہونے والی تصاویر کو اسکین کرے گا۔

اگر کوئی تصویر سسٹم کو غیراخلاقی لگے گی تو وہ تصویر کو دھندلا کردے گا اور بچوں کو مواد کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا جائے گا کہ بہتر ہے کہ وہ اسے مت دیکھیں۔

یہ فیچر ایپل کے فیملی شیئرنگ سسٹم کا حصہ ہوگا جس کا مقصد متاثرہ بچوں کو مدد کے لیے وسائل کی پیشکش کرنا ہے۔

ایپل کی جانب سے اگست 2021 کو اس فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر اب پیش کیے گئے فیچر میں ایک بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔

اب یہ فیچر والدین کو اس وقت نوٹیفکیشنز ارسال نہیں کرے گا جب بچے کی جانب سے غیر اخلاقی تصویر کو دیکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

بچے اب خود فیصلہ کریں گے کہ کیا کسی نامناسب تصویر پر کسی کو الرٹ کرنے کا انتخاب کرنا ہے یا نہیں۔

اس فیچر سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر متاثر نہیں ہوگا۔

اگست میں جب کمپنی نے اس فیچر کا اعلان کیا تھا تو یہ 3 فیچرز کا حصہ تھا جن کو بچوں کو جنسی تشدد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

مگر کمپنی نے بعد ازاں فیچرز کو التوا میں ڈال دیا تھا جس کی وجہ مختلف حلقوں کی جانب سے پرائیویسی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار تھا۔

یہ فیچر تمام صارفین کے لیے کب تک دستیاب ہوگا اور اسی شکل میں ہوگا یا نہیں، یہ ابھی کہنا مشکل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں