بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کے 20رکنی اسکواڈ کا اعلان

15 نومبر 2021
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ چٹاگانگ اور دوسرا ڈھاکا میں کھیلا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ چٹاگانگ اور دوسرا ڈھاکا میں کھیلا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور یاسر شاہ انجری کے سبب ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ‏قومی سلیکٹرز نے رواں ماہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے جہاں پہلا میچ 26 سے 30 نومبر تک چٹاگانگ اور دوسرا 4 سے 8 دسمبر تک ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کی بہترین ٹیم کے کپتان مقرر

اسکواڈ میں نامور لیگ اسپنر یاسر شاہ انجری کے سبب جگہ نہ بنا سکے اور ان کی جگہ بلال آصف کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

یاسر شاہ انگوٹھے کی انجری کا شکار ہیں، انہیں نیشنل ٹی20 کپ کے دوران انگوٹھے پر گیند لگی تھی اور وہ اب تک مکمل صحتیاب نہیں ہو سکے۔

اسی طرح گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں بہترین کھیل پیش کرنے والے کامران غلام بھی پاکستان کے اسکواڈ میں منتخب ہونے میں کامیاب رہے جبکہ رواں سیزن میں عمدہ کھیل پر امام الحق کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

حارث رؤف اور شاہنواز دھانی کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تمیم اقبال انگوٹھے کی انجری کے باعث پاکستان کےخلاف ٹیسٹ سیریز سے آؤٹ

قومی ٹیم کے ‏چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ ہم نے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت اور حریف ٹیم کے ممکنہ اسکواڈ اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئےاس اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔

‏انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پہلے ہی چار فرنٹ لائن فاسٹ باؤلرز ہیں لہٰذا ہم نے حارث رؤف اور شاہنواز دہانی کو ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد پاکستان واپس بلالیا ہے تاکہ وہ قائد اعظم ٹرافی کھیلیں اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کی تیاری کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان فارم امام الحق نے اوپنر عمران بٹ کی جگہ لی ہے کیونکہ عمران 10 ٹیسٹ اننگز میں صرف 17.8 کی اوسط سے رنز بنا سکے ہیں۔

‏محمد وسیم نے کہا کہ بنگلہ دیش اپنی ہوم کنڈیشنز میں ایک مضبوط ٹیم ہے لہٰذا ہمیں وہاں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: جوتوں میں شراب پینے کی اصل وجہ آخر کیا ہے؟

دورہ بنگلہ دیش کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، بلال آصف، فواد عالم، کامران غلام، سعود شکیل، سرفراز احمد، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عباس، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی، زاہد محمود۔

تبصرے (0) بند ہیں